بھارت میں مصدق ملک کا دو ٹوک جواب ، بھارتی بیانیے کی ناکامی

بھارتی میڈیا جب مشترکہ تہذیبی روابط کی آڑ میں مکالمے کا جال بُننے آیا تو مصدق ملک نے ایک ہی فکری ضرب سے اس کا فریب بے نقاب کر دیا۔
کیا دہشت گردی کے معاملے پر الزامات کے بجائے شواہد سامنے آنے چاہئیں؟ وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر شفاف طریقہ کار چاہتا ہے، دونوں فریقوں کو ٹھوس شواہد پیش کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان کے ہزاروں شہری جانیں گنوا چکے ہیں اور مسائل کا مستقل حل ضروری ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود ملک نے کہا کہ میں یہاں ایک کثیرالجہتی فورم میں موجود ہوں اور میری خواہش ہے کہ اس فورم پر ہونے والی بات چیت مناسب اور منظم انداز میں آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں درپیش مسائل صرف دو ممالک کے درمیان تعلقات تک محدود نہیں رہے بلکہ ان کی نوعیت بہت وسیع اور پیچیدہ ہو چکی ہے۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا ہے کہ ہمارے خطے میں ایران، وسطی ایشیا اور افغانستان سمیت کئی مقامات پر نئے چیلنجز سامنے آئے ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ میں اتنے اہم اور وسیع تر مکالمے کو محض دوطرفہ معاملات تک محدود نہیں کرنا چاہتا، تاہم جب دہشت گردی کے مسئلے پر بات ہوگی تو آپ بخوبی جانتے ہیں کہ ہمارے ہزاروں شہری شہید ہو چکے ہیں، اس لیے ہمیں شفافیت یقینی بنانا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں کو شواہد سامنے لانے چاہئیں۔ ہمارا مقصد ایک شفاف طریقہ کار وضع کرنا ہے، جس کی تجویز ہم متعدد بار پیش کر چکے ہیں۔ ایسا طریقہ کار باہمی اعتماد کی بحالی میں مدد دے سکتا ہے اور قابلِ عمل حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ضروری شواہد کبھی پیش ہی نہیں کیے جاتے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تناظر میں ہم نے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے، آپ کو بھی اس طرح کے متعدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہم بھی ان تمام مسائل کا مستقل حل چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا خطہ پیچیدہ صورتحال سے دوچار ہے اور پورے خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ہماری مخلصانہ خواہش ہے کہ دستیاب فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک واقعے یا دوطرفہ مذاکرات پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے، جہاں اکثر ایک دوسرے پر الزام تراشی کا رجحان پایا جاتا ہے، بہتر ہوگا کہ ٹھوس شواہد اور ایک منظم طریقہ کار کے تحت پورے خطے کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ میں خود کو محض مظلوم ظاہر کرنے کا بیانیہ پیش نہیں کرنا چاہتا، ہم صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
مصدق ملک نے واضح کیا کہ مکالمہ ہمیشہ الگ اور ممتاز شناختوں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ یک رنگی یا یکسانیت میں صرف یک طرفہ صدا گونجتی ہے، جہاں حقیقی مکالمے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔اسی منطق سے یہ بات مزید نکھر کر سامنے آتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دو جداگانہ اور خودمختار شناختیں ہیں، جس نے ایک بار پھر دوقومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کر دی۔جب دو الگ قوموں اور جداگانہ تہذیبی شناختوں کی حقیقت تسلیم کر لی جائے تو بھارت کا "اکھنڈ بھارت" اور ہندوتوا بالادستی کا بیانیہ خودبخود بے نقاب اور کمزور پڑ جاتا ہے۔
یہ بیانیہ دراصل ایک خودمختار اور نظریاتی پاکستان کے وجود سے پیدا ہونے والے خوف اور خطے پر غلبے کی خواہش کا عکاس ہے، نہ کہ کسی مشترکہ یکسانیت کا۔تاریخ اور فکر کے حوالے بھی اسی حقیقت کی تائید کرتے ہیں کہ برصغیر میں الگ تشخص کا شعور کوئی نئی بات نہیں؛ سر سید احمد خان نے انیسویں صدی میں دو جداگانہ قوموں کے معاشرتی و تاریخی فرق کی نشان دہی کی ،قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مسلمانوں کو مذہب، فلسفے، اقدار اور تاریخ کے لحاظ سے ایک مستقل قوم قرار دیا۔اسی طرح اسٹینلے وولپرٹ (Stanley Wolpert) جیسے مؤرخین کا تجزیہ بھی یہی دکھاتا ہے کہ قائداعظم کی قیادت نے برصغیر کی سیاست اور عالمی نقشے کو نئی سمت دے کر یہ ثابت کیا کہ خطہ محض ایک یک رنگی اکائی نہیں تھا۔جبکہ خطے کے تجزیہ کاروں اور ماہرین (جیسے ادایان داس (Udayan Das) اور دیگر جنوبی ایشیائی مبصرین) کے مطابق "اکھنڈ بھارت" جیسے تصورات ہمسایہ ریاستوں کی خودمختاری کے لیے خدشات پیدا کرتے ہیں اور اندرونی سیاسی بیانیے کو ہوا دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔





