جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، بھارتی شہری کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا

مصنف:

نیویارک: امریکا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سے متعلق الزامات کا اعتراف کیا تھا۔امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران نکھل گپتا کو 235 ماہ یعنی 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق نکھل گپتا نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم ’سکھس فار جسٹس‘ کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ گرپتونت سنگھ پنوں امریکی اور کینیڈین شہریت کے حامل ہیں۔


عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو نے مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد رقم فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا، تاہم جس شخص کو قتل کی ذمہ داری سونپی گئی تھی وہ دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔اس مقدمے میں وکاش یادو پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے، تاہم وہ تاحال امریکی حکام کی حراست میں نہیں ہے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ اس نے مقدمے میں اپنی قانونی نمائندگی کے لیے وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔


رائٹرز کے مطابق یہ سازش اس وسیع تر مہم کا حصہ تھی جس کے بارے میں امریکی اور کینیڈین حکام کا مؤقف ہے کہ بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو بیرون ملک نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں کسی بھی حکومتی کردار سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے اور اس نوعیت کے اقدامات کو حکومتی پالیسی کے خلاف قرار دیتی ہے۔