ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کی تقرریوں کا اختیار گورنر پنجاب کا قرار

گورنر پنجاب نے ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کے غیر سرکاری ارکان کی تقرری کا اختیار اپنا قرار دیتے ہوئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کو ان تقرریوں پر عمل درآمد کی ہدایت کردی۔
گورنر سیکریٹریٹ پنجاب کی جانب سے 18 نومبر 2026 کو جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (ری کنسٹی ٹیوشن) ایکٹ 2021 کے تحت ایچی سن کالج لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ان ارکان کی تقرری کا اختیار گورنر پنجاب کو حاصل ہے جو اپنے عہدے کی وجہ سے بورڈ کے رکن نہیں ہیں۔مراسلے کے مطابق مذکورہ قانون کی دفعہ 4(1) واضح کرتی ہے کہ بورڈ کے غیر سرکاری ارکان صدر یعنی گورنر پنجاب کی جانب سے مقرر کیے جائیں گے۔ قانون میں آرٹیکل 105 کا کوئی حوالہ موجود نہیں، جبکہ پنجاب حکومت کے رولز آف بزنس بھی کسی واضح قانونی شق کو تبدیل یا اس پر غالب نہیں آسکتے۔گورنر سیکریٹریٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قانون سازوں نے جان بوجھ کر حکومت اور صدر کے اختیارات میں فرق رکھا ہے اور بورڈ آف گورنرز کی تقرری کا اختیار واضح طور پر گورنر پنجاب کو دیا ہے۔ یہ اختیار وزیراعلیٰ کے مشورے سے مشروط نہیں ہے۔
مراسلے میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ گورنر کی جانب سے کی جانے والی تقرریوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کیا جائے اور 2021 کے قانون سے متصادم تقرریوں کی کارروائی سے گریز کیا جائے۔گورنر سیکریٹریٹ نے مزید کہا ہے کہ ایچی سن کالج ایک تاریخی اور ممتاز تعلیمی ادارہ ہے، اس کی ساکھ اور تعلیمی معیار کو سیاسی اختلافات یا غیر ضروری تنازعات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ ادارے کے معاملات آئین اور متعلقہ قوانین کے مطابق خوش اسلوبی سے چلائے جانے چاہئیں تاکہ اس کی خودمختاری، وقار اور ادارہ جاتی تشخص برقرار رہے۔مراسلہ گورنر پنجاب کی منظوری سے ڈپٹی سیکریٹری (یونیورسٹیز) نے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کیا ہے، جبکہ اس کی نقول چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری قانون و پارلیمانی امور اور پرنسپل ایچی سن کالج لاہور کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں





