جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں میری رہائشگاہوں سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی، مولانا فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں رہائشگاہوں سے تمام سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ان کی ڈی آئی خان اور اسلام آباد کی رہائشگاہوں سے حکومتی سیکیورٹی ہٹالی گئی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اسلام آباد میں رہائشگاہ کے باہر پولیس نے ناکہ بھی لگادیا ہے اور گھر آنے والے مہمانوں سے پوچھ گچھ ہورہی ہے۔


سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پولیس نے ناکہ لگا رکھا ہے اور پوچھنے کے باوجود کوئی نہیں بتا رہا کہ ناکہ کیوں لگایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون کے مطابق جو کہیں گے، اس پر عمل کریں گے، تاہم مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی کے حوالے سے فکرمند ہیں۔

دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لینے کو بدترین فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں پر درجنوں خودکش حملے ہو چکے ہیں، ایسے میں سیکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی؟

ترجمان جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی فوری بحال کی جائے، قائد جمعیت کی جان و سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ پر عائد ہوگی۔