پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پانی: زندگی کی بقا اور صحت کی ضامن ،تحریر:ڈاکٹر نازیہ ندیم

نقطہ نظر
dr nazia nadeem

پانی زمین پر قدرت کا وہ انمول اور دائمی تحفہ ہے جس کے بغیر ذحتی حیات کا تصور بھی محال ہے۔ انسانی جسم کا نصف سے زیادہ حصہ اسی شفاف مائع پر مشتمل ہے، جو ہماری بقا، صحت اور توانائی کی بنیادی ضمانت ہے۔ پیدائش کے وقت ایک نوزائیدہ بچے کے جسم میں پانی کی مقدار تقریباً بہتر فیصد ہوتی ہے، جبکہ بالغ انسان کے جسم میں یہ اوسطاً ساٹھ فیصد تک پائی جاتی ہے۔ اگر ہم انسانی جسم کے مختلف اعضاء اور بافتوں کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ قدرت نے ہر عضو کی تشکیل میں پانی کا ایک مخصوص اور متوازن تناسب رکھا ہے۔ ہمارے دماغ اور پھیپھڑوں جیسے حساس اعضاء میں پانی کی مقدار پچھتر سے تراسی فیصد تک ہوتی ہے، جبکہ خون جیسے مائع نظام میں یہ نوے فیصد تک پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ گردے انہتر فیصد، دل تہتر فیصد، پٹھے پچھتر فیصد اور حتیٰ کہ سخت نظر آنے والی ہڈیاں بھی اکتیس فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہیں۔ جسم کے یہ تمام اعضاء اسی سیال کی موجودگی کی وجہ سے اپنے افعال درست طریقے سے انجام دیتے ہیں۔ پانی کی یہی اہمیت اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ انسان خوراک کے بغیر تو ہفتوں یا مہینوں زندہ رہ سکتا ہے کیونکہ جسم کے پاس چربی اور پروٹین کی شکل میں ذخیرہ موجود ہوتا ہے، لیکن پانی کا کوئی ذخیرہ جسم میں موجود نہیں ہوتا، اس لیے پانی کے بغیر انسانی زندگی کا تسلسل چند دنوں سے زیادہ ممکن نہیں ہے۔


انسانی صحت اور کارکردگی پر پانی کے اثرات کا احاطہ کریں تو اس کے تین بنیادی اور اہم ترین فوائد سامنے آتے ہیں جو ہمارے جسمانی نظام کو رواں دواں رکھتے ہیں۔ پہلا اہم فائدہ جسم کی اندرونی صفائی اور زہریلے مادوں کا اخراج ہے۔ ہمارا جسم روزانہ کی بنیاد پر اندرونی میٹابولزم اور بیرونی ماحول کی آلودگی، ناقص خوراک اور کیمیکلز کے باعث پیدا ہونے والے ٹوکسنز کا سامنا کرتا ہے۔ گردے ہمارے جسم کے مرکزی فلٹریشن پلانٹ کے طور پر کام کرتے ہیں جو وافر مقدار میں پانی کی موجودگی میں خون کو بہتر طریقے سے چھان کر تمام زہریلے مادوں کو پیشاب کے راستے باہر نکال دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلد کے مساموں سے پسینے کا اخراج بھی اسی صفائی کے نظام کا حصہ ہے۔ دوسرا بڑا فائدہ ہمارے نظامِ انہضام اور گردشِ خون کی بہتری سے جڑا ہوا ہے۔ پانی معدے میں غذا کو توڑنے، تحلیل کرنے اور اس میں موجود ضروری غذائی اجزاء کو گھلا کر خون میں شامل کرنے کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ پانی کی مناسب مقدار خون کے حجم کو متوازن رکھتی ہے جس سے دل کو پورے جسم میں آکسیجن اور غذائی اجزاء پہنچانے میں آسانی ہوتی ہے اور بلڈ پریشر اعتدال میں رہتا ہے۔ تیسرا اہم فائدہ ہماری جسمانی توانائی، پٹھوں کی لچک اور درجہ حرارت کے کنٹرول سے متعلق ہے۔ معمولی سی پانی کی کمی بھی جسم میں سستی، تھکن، توجہ میں کمی اور سر درد کا سبب بنتی ہے، جبکہ وافر پانی خلیات کو تازہ آکسیجن اور توانائی فراہم کرتا ہے۔ پانی جوڑوں اور پٹھوں کے لیے ایک قدرتی لبریکینٹ کا کام کرتا ہے جو محنت یا ورزش کے دوران پٹھوں کو اکڑنے یا کھنچاؤ سے بچاتا ہے اور پسینے کے ذریعے جسم کے درجہ حرارت کو اعتدال میں رکھتا ہے۔


تاہم، جسم میں پانی کی کمی یا اس کا حد سے زیادہ استعمال دونوں ہی سنگین طبی مسائل اور بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ جب جسم میں پانی کی مناسب مقدار نہیں رہتی تو اندرونی نظام میں بگاڑ پیدا ہو جاتا ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ سے پیشاب میں موجود نمکیات گاڑھے ہو کر گردے یا مسانے میں پتھری کا سبب بنتے ہیں، جبکہ پیشاب کی نالی کا انفیکشن اور جراثیم کے پنپنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ بڑی آنت خوراک سے ضرورت سے زیادہ پانی جذب کر لیتی ہے جس سے فضلہ سخت ہو جاتا ہے اور دائمی قبض اور بواسیر جیسی تکلیف دہ شکایات جنم لیتی ہیں۔ پانی کی کمی دماغی ٹشوز کو عارضی طور پر سکڑنے پر مجبور کرتی ہے جس سے دائمی سر درد اور مائیگرین کے حملے ہوتے ہیں، اور جوڑوں کے درمیان چکنائی کم ہونے سے ہڈیاں آپس میں رگڑ کھاتی ہیں جس سے جوڑوں کا درد بڑھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس، پانی کا حد سے زیادہ استعمال بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ پانی پی لینے سے خون میں سوڈیم کی مقدار خطرناک حد تک کم ہو جاتی ہے جسے ہائپونیٹریمیا یا واٹر ٹوکسسٹی کہتے ہیں۔ اس حالت میں جسم کا اضافی پانی خلیات کے اندر داخل ہونے لگتا ہے جس سے دماغ سوج جاتا ہے، شدید سر درد، چکر آنا، غنودگی اور ذہنی انتشار کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ نمکیات کا توازن بگڑنے سے پٹھے اکڑ جاتے ہیں، الٹی اور متلی کی شکایات ہوتی ہیں، اور دل پر دباؤ بڑھنے کے باعث پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہو جاتا ہے۔


ان تمام طبی حقائق کی روشنی میں یہ ناگزیر ہو جاتا ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں پانی کے استعمال کے حوالے سے بہتر حکمت عملی اور متوازن عادات اپنائیں۔ پانی کا استعمال نہ تو اتنی کم مقدار میں ہونا چاہیے کہ جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو جائے اور نہ ہی اتنی زیادتی کے ساتھ کہ اعضاء پر غیر ضروری بوجھ پڑے۔ صحت مند زندگی کے لیے ایک عام بالغ انسان کو اپنی جسمانی ضرورت، موسم اور محنت کے لحاظ سے روزانہ اوسطاً آٹھ سے دس گلاس یعنی تقریباً دو سے تین لیٹر پانی کا استعمال کرنا چاہیے۔ ایک اہم اصول یہ ہے کہ ایک ہی وقت میں بہت سارا پانی پی لینے کے بجائے دن بھر میں تھوڑی تھوڑی دیر بعد ایک یا دو گھونٹ پانی پیتے رہنا چاہیے تاکہ گردوں اور نظامِ انہضام پر یکدم دباؤ نہ بڑھے۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی کی صفائی اور معیار کا خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ آلودہ پانی ہیضہ، ٹائیفائڈ اور ہیپاٹائٹس جیسی موذی بیماریوں کا سبب بنتا ہے، اس لیے ہمیشہ ابلا ہوا یا فلٹر شدہ صاف پانی استعمال کیا جائے۔ پینے کے آداب میں اس بات کا خیال رکھیں کہ کھانے کے فوراً بعد بہت زیادہ پانی پینے سے گریز کیا جائے تاکہ ہاضمے کے غدود متاثر نہ ہوں، اور پانی ہمیشہ بیٹھ کر اور سکون کے ساتھ گھونٹ گھونٹ کر پینا چاہیے۔ موسمِ گرما میں یا سخت محنت اور ورزش کے دوران پسینے کے ذریعے نکلنے والے نمکیات کی تلافی کے لیے پانی کی مقدار بڑھا دی جائے اور ضرورت پڑنے پر او آر ایس یا لیموں پانی کا استعمال کیا جائے۔ پانی قدرت کا ایک ایسا بیش قیمت انعام ہے جو اعتدال کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ زندگی کی بہاروں کو قائم رکھتا ہے، اور اگر اس کی قدر نہ کی جائے تو یہ جسم کو بیماریوں کا گڑھ بنا دیتا ہے۔ لہٰذا، اعتدال، صفائی اور باقاعدگی کو اپنا شعار بناتے ہوئے پانی کی درست عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ صحت مند، توتوان اور پُرسکون مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔