خیبر پختونخوا کے صحت کے نظام سے متعلق پی ٹی آئی حکومت کے 13 سالہ دور پر عوام کی شدید تنقید

خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے کی صورتحال پر عوام نے پی ٹی آئی حکومت کے 13 سالہ دورِ اقتدار پر شدید تنقید کرتے ہوئے ہسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات کے فقدان اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی کی ناقص منصوبہ بندی اور مبینہ انتظامی غفلت کے باعث صوبے کا صحت کا نظام متاثر ہوا ہے، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔ عوام نے ہسپتالوں کے لیے مختص فنڈز کے استعمال اور مبینہ خرد برد کے الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
باجوڑ، مہمند اور دیر کے ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ادویات، سی ٹی اسکین مشینوں، آئی سی یو یونٹس اور بستروں کی عدم دستیابی پر بھی شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے صحت کارڈ پروگرام اور طبی آلات کی خریداری میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں ہونے والے اخراجات اور منصوبوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
شہریوں نے محکمہ صحت میں اصلاحات، نرسنگ کالجز کے اجرا اور خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی فوری طور پر دور کی جائے، نرسنگ کالجز کی خالی آسامیاں پُر کی جائیں اور تقرریوں میں سیاسی مداخلت ختم کرکے میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کے صحت کے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔
مزید پڑھیں




