پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان، طلبات کی سبقت

پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ راولپنڈی بورڈ کے نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 61 ہزار 409 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 36 ہزار 896 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب تقریباً 60.08 فیصد رہا، جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 67.56 فیصد اور طلبہ کی کامیابی کی شرح 46.52 فیصد رہی۔
راولپنڈی بورڈ کے نتائج میں طالبات نے ایک بار پھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ پر سبقت حاصل کی۔ پہلی پوزیشن طالبہ عطفہ جاوید نے 1156 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔ نور فاطمہ ساجد نے 1151 نمبر لے کر دوسری جبکہ نبیحہ ایمان اور منیب شاہ نے 1142، 1142 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 64.98 فیصد رہا۔ امتحان میں ایک لاکھ 89 ہزار 373 امیدواروں نے حصہ لیا۔ ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 71.67 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 44.83 فیصد رہا۔
لاہور بورڈ کے نتائج کے مطابق طالبات کی کامیابی کا تناسب 73.74 فیصد اور طلبہ کی کامیابی کا تناسب 51.54 فیصد رہا۔ امیدوار نتائج کی ری چیکنگ کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ تعلیمی بورڈ ملتان نے بھی انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میں 79 ہزار 796 امیدواروں نے حصہ لیا، کامیابی کا مجموعی تناسب 67.03 فیصد رہا جبکہ 53 ہزار 489 طلبہ و طالبات کامیاب ہوئے۔
ملتان بورڈ میں پوزیشنز کے معاملے میں لڑکے بازی لے گئے۔ علی بن عبداللہ نے 1163 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، فاخرہ ظفر نے 1162 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ دانیا صابر، دعا فاطمہ اور فیضان شوکت نے 1161، 1161 نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سرگودھا بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 69.19 فیصد رہا۔ امتحان میں 55 ہزار 34 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 38 ہزار 76 امیدوار کامیاب جبکہ 16 ہزار 958 امیدوار فیل ہوئے۔
اس کے علاوہ بھکر میں انٹرمیڈیٹ امتحان میں کامیابی کا تناسب 64.92 فیصد، خوشاب میں 68.35 فیصد اور میانوالی میں کامیابی کا تناسب 65.69 فیصد رہا۔
لودھراں تعلیمی بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحان میں کامیابی کا تناسب 67.11 فیصد، خانیوال میں 67.90 فیصد جبکہ وہاڑی میں کامیابی کا تناسب 66.24 فیصد رہا۔
مزید پڑھیں




