فضل الرحمان کا گھر افغان شہری کےنام پر ہے، بتائیں افغانستان ک اامان اللہ کون ہے؟عدلیہ سے اپیل ہے منی ٹریل لے، رانا سکندر حیات

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی سیاست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتشار پیدا کرنے اور عوام کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کا کوئی جواز نہیں، مذہب کے نام پر سڑکیں اور موٹرویز بند کرنا کہاں کی سیاست ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے مختلف مقامات پر آتے جاتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق گرفتاری سے متعلق تاثر درست نہیں.
صوبائی وزیر نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی مالی معاملات کی بھی جانچ پڑتال کی جائے اور ان سے آمدن کے ذرائع اور منی ٹریل طلب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کو خود بھی اپنی مالی حیثیت عوام کے سامنے واضح کرنی چاہیے۔
رانا سکندر حیات نے فضل الرحمان کے گھر کی ملکیت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے افغان شہری امان اللہ کا ذکر کیا اور سوال کیا کہ اس شخص کا مولانا فضل الرحمان سے کیا تعلق ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا اور معیشت کو مستحکم رکھنا حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ احتجاج کے نام پر شہریوں کی نقل و حرکت متاثر کرنا اور قومی شاہراہیں بند کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہب اور ملک کے دفاع کے لیے جدوجہد اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اسے کسی سیاسی شخصیت کے مفادات سے جوڑنا درست نہیں۔ عوام کو مشکلات میں ڈالنے کی مذہب بھی اجازت نہیں دیتا۔
مزید پڑھیں





