ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

محبوب سے شادی کی ضد، 19 سالہ لڑکی 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی

مصنف:

بھارتی ریاست اتر پردیش میں محبوب سے شادی کی خواہش مند 19 سالہ لڑکی 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی، جسے بالآخر ویڈیو کال کے ذریعے نکاح کے بعد بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔


بھارتی میڈیا کے مطابق صاحبہ عرف مہک نامی لڑکی اپنے 21 سالہ محبوب نورالدین سے شادی کرنا چاہتی تھی، تاہم دونوں خاندان اس رشتے کے مخالف تھے۔رپورٹس کے مطابق مہک نے شادی کے معاملے پر اپنی والدہ سے بحث کی اور غصے میں آکر تقریباً 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی۔ اس وقت نورالدین روزگار کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھا۔پولیس کے مطابق لڑکی تقریباً چار گھنٹے تک ٹاور پر موجود رہی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں، رشتے داروں اور علاقہ مکینوں نے اسے نیچے اترنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم اس نے مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ٹاور سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دے دی۔


کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نورالدین سے رابطہ کیا گیا اور دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اہل خانہ کی رضامندی حاصل نہ ہوسکی۔بعدازاں ایک مقامی مسلمان عالم نے ویڈیو کال کے ذریعے دونوں کا نکاح پڑھایا، جس میں نورالدین نے ممبئی سے آن لائن شرکت کی۔ نکاح کے بعد مہک پولیس کی مدد سے بحفاظت ٹاور سے نیچے اتر آئی۔