بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شارجہ میں کتابوں کا عالمی میلہ آج سے شروع، 126 ممالک سے 17 لاکھ کتابیں توجہ کا مرکز


متحدہ عرب امارات کے اہم ثقافتی دارالحکومت شارجہ میں دنیا بھر کی کتب، فکری مکالموں، ادب اور علم و دانش کا عظیم الشان میلہ آج 4 نومبر 2026ء سے باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔

شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن میں دنیا بھر کے 126 ممالک سے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں، جبکہ 17 لاکھ سے زائد کتب اس عالمی ادبی اجتماع کی رونق بڑھا رہی ہیں۔ یہ باوقار عالمی میلہ ایکسپو سینٹر شارجہ میں 15 نومبر تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) کے مطابق، رواں برس کتاب میلے میں 106 عالمی شہرت یافتہ بین الاقوامی مہمانوں کی شرکت اور تقریباً 1500 سے زائد متنوع ثقافتی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں فکری نشستیں، پینل مباحثے اور کتابوں کی رونمائی شامل ہیں۔ اس سال سلطنتِ عمان کو ‘خصوصی مہمان ملک کا اعزاز دیا گیا ہے، جس کا 50 رکنی وفد (جس میں 41 نامور ادیب و شعرا شامل ہیں) عمانی ثقافت و تاریخ کو اجاگر کرے گا، جبکہ معروف مراکشی محقق ڈاکٹر سعید یقطین کو ‘سال کی ثقافتی شخصیت’ کا اعزاز دیا گیا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی یہ میلہ خاص اہمیت رکھتا ہے، جہاں پاکستانی شیف کوثر راجہ روایتی پکوانوں کی سیشنز میں شرکت کر رہی ہیں۔ زائرین کی سہولت کے لیے دبئی (اتصالات میٹرو اسٹیشن) اور عجمان سے شارجہ ایکسپو سینٹر کے لیے خصوصی بسیں اور مفت شٹل بوٹ سروس بھی شروع کی گئی ہے تاکہ شائقینِ کتب آسانی سے اس میلے کا حصہ بن سکیں۔