مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دہشت گردوں کے پشت پناہوں کی حمایت افسوسناک ہے ، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے پس منظر میں دیے گئے حالیہ مؤقف پر شدید افسوس اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے ایک اہم بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک سینئر اور تجربہ کار سیاست دان ہیں، جو خود بھی ماضی میں دہشت گردی کا شکار رہے ہیں۔ اس کے باوجود ان جیسے معتبر رہنما کی طرف سے ان عناصر کی حمایت کرنا جو دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث رہے ہیں، انتہائی غیر متوقع اور افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا 13 سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے، الٹا دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پالا پوسا اور پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور اپنے صوبے کی زمین فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے، وہاں کے عوام کی زندگیاں تباہ و برباد کر دیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کر دیا، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاج پرخرچ کر دیے اور 13 قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا صاحب کے الفاظ نے ہر محب وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان آج بھی دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، ہر روز کسی ماں کا لخت جگر، کسی بہن کا بھائی اور کسی کا شوہر سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر گھر آتا ہے، ان شہیدوں کے لہو کو سلام پیش کرنے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا ساتھ دینا آپ کے شایان شان نہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کی جماعت نے خود دہشت گردی کے زخم سہے ہیں، آپ کے ساتھیوں نے شہادتیں دی ہیں اور جن کی حمایت میں آج آپ کھڑے ہیں، کل یہی آپ کے بارے میں انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرتے اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں، دہشت گردی کے متاثرین کا دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا کم از کم میری سمجھ سے باہر ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار اور کوئی نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خود ہے۔
مزید پڑھیں



