جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیصل آباد کے معروف صنعتکار میاں ریحان اشرف کا مبینہ قاتل گرفتار کرلیا گیا


فیصل آباد میں معروف صنعتکار میاں ریحان اشرف کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمیر کو تکنیکی وسائل کی مدد سے شاہ کوٹ سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمیر نے جڑانوالہ روڈ پر فائرنگ کرکے معروف صنعتکار میاں ریحان اشرف کو قتل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق سی پی او تنویر حسین کی سربراہی میں اہم قتل کیس کی تفتیش اور ملزم کی گرفتاری کے لیے 12 پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ فیملی اور دوستوں کے ساتھ ہفتے کی رات کھانے پر جانے والے فیصل آباد کے صنعتکار ریحان اشرف نے اپنی گاڑی کی چابی کلب کے پارکنگ اسٹاف کے حوالے کی تھی۔ کچھ ہی دیر میں گاڑی کے آن اور آف ہونے کی اطلاع موبائل فون پر ملی تو باہر دوڑ لگائی لیکن اس وقت تک گاڑی نظروں سے اوجھل ہوچکی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک دوسری گاڑی میں انہوں نے اپنے 2 بھائیوں اور ایک دوست کے ساتھ مسروقہ گاڑی کا پیچھا کیا۔

جڑانوالہ روڈ پر 4 سے 5 کلو میٹر دور ہی ٹریفک جام میں گاڑی نظر آگئی اور وہ گاڑی کی طرف آگے بڑھے لیکن گاڑی میں سے 2 مسلح افراد باہر نکلے اور فائر کردیا، گولی ریحان اشرف کے گردن میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔