طوفانوں کو پکارتا اقبالؒ کا شاہین ،تحریر: ملک محمد شاکر بہاولپوری
نقطہ نظر
ہماری رگوں میں دوڑتا خون آخر کس موڑ پر آ کر اتنا سرد پڑ گیا کہ ہمیں اپنی بے بسی اور زوال پر شرمندگی کا احساس تک نہیں رہا؟ ہم نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے فلسفۂ شاہین کو محض تعلیمی اداروں کے سالانہ جلسوں، کتابوں کے سرورق اور کھوکھلی تقریروں کی نذر کر دیا ہے۔ اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے اس قوم کے نوجوان کے اندر جس چنگاری کو تلاش کیا تھا، ہم نے اسے کاہلی، سستی اور وقتی آسائشوں کے تعفن زدہ پانی سے بجھا کر رکھ دیا ہے۔ اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے کسی گیت گاتی بلبل، رنگ برنگے مور یا پالتو کبوتر کو تمثیل نہیں بنایا تھا؛ انہوں نے چٹانوں کے بے رحم مسافر، طوفانوں کے شناور اور خوددار شاہین کو علامت بنایا تھا۔ مگر ہمارا المیہ دیکھیے کہ ہم نے خواب تو آسمانوں کی تسخیر کے دیکھے، مگر خود کو چند لمحاتی سہولتوں کے قفس میں بند کر کے پرواز کی اصل قوت ہی گروی رکھ دی۔ دونوں ہی فضاؤں میں اڑتے ہیں مگر ایک مردار پر گرتا ہے اور دوسرا چوٹیوں کا رخ کرتا ہے، سچ فرمایا تھا اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے:
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور
شاہین کا سب سے پہلا اور جاندار سبق ہمارے روایتی تعطل اور مفاد پرستانہ ذہن پر کلہاڑی بن کر گرتا ہے: شاہین کبھی اپنا آشیانہ نہیں بناتا! وہ گھونسلوں کی نرمی، تنکوں کی حفاظت اور محفوظ چاردیواری کے فریب کو یکسر رد کرتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ گھونسلے کی گرمی پروں کے عضلات کو سست اور روح کو اپاہج کر دیتی ہے۔ مستقل ٹھکانے انسان کے ارادوں میں زنگ لگا دیتے ہیں اور اسے ارتقا کے بجائے جمود کی قبر میں اتار دیتے ہیں۔ شاہین چٹانوں کی بے رحم اور سخت فضاؤں میں ڈیرے ڈالتا ہے، کھلی ہواؤں کو اپنا بستر اور کہساروں کے پتھروں کو اپنا مسکن بناتا ہے تاکہ اس کے پر اور عزم ہمیشہ زمانے کی تلخیوں سے نبرد آزما رہنے کے قابل رہیں، کیونکہ:
نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تُو شاہیں ہے، بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
مگر ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے اردگرد نام نہاد "کمفرٹ زون" کے ایسے آہنی قلعے کھڑے کر لیے ہیں کہ زندگی کی ذرا سی تنگی، معمولی سی آزمائش یا مشقت کا ایک جھونکا ہمیں فکری و عملی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیتا ہے۔
ذرا طوفانوں کا منظرنامہ تو سوچیے! جب آسمان سیاہ ہو جاتا ہے، بادل دہاڑتے ہیں، بجلیاں لپکتی ہیں اور زمین کو لرزا دینے والی آندھیاں درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکتی ہیں، تو نچلی فضاؤں کے پرندے خوف کے مارے اپنے آشیانوں اور جھاڑیوں میں دبک جاتے ہیں اور زندگی کی بھیک مانگتے ہیں۔ مگر شاہین کا ردعمل دیکھیے! وہ کسی پناہ گاہ کا محتاج بن کر نہیں بیٹھتا، نہ حالات کے تھمنے کا انتظار کرتا ہے؛ بلکہ وہ سینہ تان کر انہی خونخوار ہواؤں کے سامنے آ کھڑا ہوتا ہے۔ وہ طوفان کی مخالف ہوا کے دباؤ کو اپنے لیے سیڑھی بناتا ہے، تند و تیز تھپیڑوں کا رخ موڑتا ہے، سیاہ بادلوں کا سینہ بے باکی سے چیرتا ہے اور ان پر قابو پا کر بادلوں سے بھی اوپر نکل جاتا ہے! اس کی ہر جنبش، اس کی ہر تگ و دو اور ہر جھپٹ کا مقصد صرف اور صرف حیات کی حرارت کو قائم رکھنا ہوتا ہے:
جھپٹنا، پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے اک بہانہ
اور جب ہر طرف تاریکی چھا جائے، تمام راستے مسدود نظر آئیں، جب زمین پر کوئی ظاہری آسرا اور بیساکھی باقی نہ رہے، تو شاہین بیرونی سہاروں کے بل بوتے پر زندہ نہیں رہتا؛ وہ اپنی اندرونی بیداری، اپنی غیرت اور اپنے فولادی جذبوں کے دم پر جیتا ہے،جسے اقبال رحمتہ اللہ علیہ "خودی" کا نام دیتے ہیں! خودی وہ جوہر ہے جو انسان کو حالات کے آگے دستِ سوال دراز کرنے سے روکتی ہے۔ وہ اپنے وجود کا بوجھ خود اٹھاتا ہے، تقدیر کا رونا رو کر آنسو بہانے کے بجائے خود اپنے بازوؤں کی قوت سے تاریخ کا دھارا موڑتا ہے۔
کب تک ہم حالات کی خرابی، وسائل کی کمی اور معاشرے کے بگاڑ کی دہائی دے کر اپنی بے عملی پر پردہ ڈالتے رہیں گے؟ کب تک خود کو بے بس اور مجبور ظاہر کر کے اپنے ضمیر کو لوریاں سناتے رہیں گے؟ یاد رکھیے، آسمان کی وسعتیں اور عظمت کی چوٹیاں سستی دعاؤں یا محض حسرت بھری آہوں سے حاصل نہیں ہوتیں؛ وہ بادلوں کا سینہ چیرتی ہوئی سخت جان جدوجہد، خون پسینے اور خودداری کے بل بوتے پر فتح کی جاتی ہیں۔ اب وقت آ چکا ہے کہ غفلت کے اس حصار کو پارہ پارہ کر دیا جائے، سستی اور عافیت پسندی کے جھوٹے گھونسلوں کو اپنے ہاتھوں سے توڑا جائے اور ثابت کیا جائے کہ آپ تاریخ کے ورق پر فقط ایک مردہ حرف نہیں بلکہ فضاؤں پر حکمرانی کرنے والے بیدار شاہین ہیں۔
مزید پڑھیں





