ٹرمپ کا اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کی مکمل حمایت کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی انتخابات میں اپنے اتحادی اور موجودہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی باضابطہ حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی عوام سے انہیں دوبارہ وزیراعظم منتخب کرنے کی اپیل کر دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ”عظیم جنگجو وزیراعظم“ اور امن کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی اور ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پر بھی اسرائیلی وزیراعظم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے سخت مخالفت، حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے باوجود مضبوطی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اسرائیل کے آئندہ انتخابات میں نیتن یاہو کے علاوہ کوئی اور رہنما منتخب ہوا تو امریکا کو خود ایران کے خلاف کارروائی مکمل کرنا پڑے گی، جس کے لیے وہ آمادہ نہیں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے نعروں ”اسرائیل مردہ باد، امریکا مردہ باد“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ ایک وقت ایسا آسکتا ہے جب انہیں عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جائے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران نے اپنا طرز عمل تیزی سے تبدیل نہ کیا تو امریکا جلد اپنا کام مکمل کرلے گا۔
امریکی صدر نے اسرائیلی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو نیتن یاہو کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے مکمل اور بھرپور حمایت سمجھا جائے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو 27 اکتوبر کے قومی انتخابات میں کتنا فائدہ پہنچے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کے لیے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ ایسے میں امریکی صدر کی جانب سے نیتن یاہو کی کھل کر حمایت انتخابی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔





