Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میل اِن ووٹنگ کا نظام بدعنوانی اور بے قابو مسائل سے دوچار ہے، ٹرمپ

d trump.

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے بعض فیصلوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے میل اِن ووٹنگ کے نظام کو بدعنوانی اور بے قابو مسائل کا شکار قرار دیا ہے۔ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میل اِن بیلٹس میں بائیں بازو کی جانب سے دھاندلی کرنا آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے سے ریپبلکنز اور امریکا کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ امریکی صدر نے سپریم کورٹ کے بعض فیصلوں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں نے امریکا کو کم از کم 100 سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے امریکا کو مایوس کیا ہے، جبکہ ججز ایلیٹو اور تھامس نے بھی عدالت کے فیصلے سے سخت اختلاف کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں امریکا کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔ امریکی صدر نے برتھ رائٹ سٹیزن شپ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں امریکا میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی۔ ٹرمپ نے مزید الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے بعض ججز ریڈیکل ڈیموکریٹس کے دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے بعض تباہ کن فیصلوں کے باعث امریکا کو ہونے والا نقصان ناقابلِ تلافی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ سپریم کورٹ کو امریکی تاریخ کے تباہ کن ترین فیصلوں کے باعث یاد رکھا جائے گا۔