بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نکاح نامہ پڑھے بغیر شادی نہ کریں، ونیزہ احمد کا خواتین کو اہم مشورہ


پاکستانی ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ خود مختار خاتون ہونے کے باوجود میں نے اپنا نکاح نامہ نہیں پڑھا تھا، لیکن لڑکیوں کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔

حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نکاح نامہ پڑھنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

ونیـزہ احمد نے نسبتاً پختہ عمر میں شادی کی تھی، اس وقت تک وہ شوبز انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکی تھیں اور ایک تعلیم یافتہ و باشعور خاتون کے طور پر جانی جاتی تھیں، تاہم حالیہ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ خودمختار خاتون ہونے کے باوجود میں نے شادی کے وقت اپنا نکاح نامہ نہیں پڑھا تھا جو میری غلطی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے نکاح نامے میں حق مہر اور نان و نفقے سے متعلق شقوں کا بھی مطالعہ نہیں کیا تھا، جب بعد میں میری ازدواجی زندگی میں مسائل پیدا ہوئے اور شادی ختم ہونے کی نوبت آئی تو میں نے ان شرائط کا مطالعہ کیا۔

اداکارہ نے اس تجربے کی روشنی میں خواتین پر زور دیا کہ وہ نکاح نامہ ضرور پڑھیں اور اپنے حقوق سے آگاہ رہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو اپنے قانونی اور ازدواجی حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، نکاح نامے میں درج شرائط کو سمجھنے کے بعد ہی ان پر رضامندی دینی چاہیے۔

اداکارہ نے اس بات کو سمجھانے کے لیے مثال دی کہ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے سے پہلے اس کی شرائط و ضوابط پڑھنا چاہئیں، نہ کہ چھلانگ لگانے کے بعد۔

ونیـزہ احمد کا کہنا ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ نوجوان خواتین میرے تجربے سے سبق سیکھیں اور شادی سے پہلے اپنے نکاح نامے، حق مہر اور دیگر متعلقہ شرائط کو اچھی طرح سمجھ لیں تاکہ بعد میں انہیں اپنے حقوق کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے