ہفتے کے دنوں کے اس ہجوم میں جمعہ وہ بابرکت دن ہے جسے رب کائنات نے خصوصی فضیلت اور عظمت سے نوازا ہے۔ یہ محض ہفتے کے ایام میں سے ایک دن نہیں بلکہ اہل ایمان کے لیے روحانی تازگی، تجدیدِ ایمان، ذکرِ الٰہی اور حصول مغفرت کا ایک عظیم موقع ہے۔ جمعہ کا دن دلوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ کرنے، روح کو سکون بخشنے اور زندگی کے منتشر معمولات میں بندگی کا احساس بیدار کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
اسلام میں یوم جمعہ کو غیر معمولی مقام حاصل ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :
کہ بہترین دن جس پر سورج طلوع ہوتا ہے، جمعہ کا دن ہے۔ اسی روز حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق ہوئی، اسی روز انہیں جنت میں داخل کیا گیا اور اسی روز انہیں جنت سے زمین پر اتارا گیا۔ اس دن کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآنِ مجید میں ایک مکمل سورت "سورۃ الجمعہ"کے نام سے موجود ہے۔
جمعہ کی نماز مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات اور اجتماعیت کا عملی مظہر ہے۔ اس دن امیر و غریب، چھوٹے بڑے اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر اپنے رب کے حضور سربسجود ہوتے ہیں۔ نہ کسی کے مرتبے کو فوقیت حاصل ہوتی ہے اور نہ کسی کی دولت کو امتیاز یہاں سب کی پہچان بندگی اور تقویٰ ہے۔ یہی اسلام کا وہ حسین تصور ہے جو انسان کو انسان کے قریب لاتا اور دلوں میں مساوات کا شعور پیدا کرتا ہے۔
اس مبارک دن کے کچھ آداب اور مسنون اعمال بھی ہیں جن کی ادائیگی باعث اجر و ثواب ہے۔ غسل کرنا، پاکیزہ لباس زیب تن کرنا، خوشبو لگانا، مسجد میں جلد پہنچنا، خطبہ جمعہ خاموشی اور پوری توجہ سے سننا، سورۂ کہف کی تلاوت کرنا اور کثرت سے نبی کریم ﷺ پر درود و سلام بھیجنا ایسے اعمال ہیں جن سے اس دن کی برکتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
جمعہ کے دن کی ایک خصوصی فضیلت یہ بھی ہے کہ اس میں ایک ایسی ساعت پائی جاتی ہے جس میں بندہ اپنے محبوب رب العالمین سے دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا قبول فرماتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اہل ایمان اس دن کو دعا، استغفار اور رجوع اللہ کے لیے خاص اہمیت دیتے ہیں۔
تاہم افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ جمعہ کی حقیقی اہمیت سے ناواقف ہیں۔ بعض کے لیے یہ دن محض معمول کی تعطیل بن کر رہ گیا ہے، جب کہ بعض لوگ نماز کی ادائیگی میں بھی سستی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ عبادت صرف ظاہری رسم کی ادائیگی کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد انسان کے باطن کو سنوارنا، کردار میں پاکیزگی پیدا کرنا اور معاملات میں دیانت داری اختیار کرنا ہے۔
یوم جمعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ دنیا کی مصروفیات کتنی ہی اہم کیوں نہ ہوں، اپنے خالق کے حضور حاضری سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی۔ یہ دن ہمیں اپنے اعمال کا جائزہ لینے، اپنی کوتاہیوں پر نادم ہونے، دوسروں کے حقوق ادا کرنے اور دلوں سے نفرت و عداوت کا خاتمہ کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
اس مبارک باد برکت دن کو محض ایک روایت نہیں بلکہ اپنی زندگی کی اصلاح کا وسیلہ بنائیں۔ اپنے گھروں میں دینی ماحول پروان چڑھائیں، بچوں کو جمعہ کی فضیلت سے آگاہ کریں، درود و سلام کی کثرت کریں اور اپنے رب سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں۔
یاد رکھیے جمعہ ہمیں ہر ہفتے یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے رب سے تعلق کو ازسرِنو مضبوط کریں اور اپنی زندگی کو نیکی، تقویٰ اور حسن اخلاق کے سانچے میں ڈھالیں۔
ہمارے پیارے اللہ رب العزت ہمیں جمعہ کی حقیقی قدر و منزلت سمجھنے، اس کے آداب بجا لانے اور اپنی رحمتوں و برکتوں سے بہرہ مند ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے، ہماری دعاؤں کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں صراط مستقیم پر ثابت قدم رکھے۔ آمین ثم آمین یارب العالمین۔





