زاویہ نظر بدلیں، حالات خود بدل جائیں گے ،تحریر:تنزیلۃ الرحمٰن
نقطہ نظرمریم اپنے خاندان کی ایک پڑھی لکھی، سمجھدار، سلیقہ شعار اور باشعور بچی تھی۔ کم عمری میں ہی شادی ہوگی مگر سسرال میں بھی سب کے کام آکر، مسائل کو سمجھداری سے حل کرکے اور خدمت کر کے سب کا دل جیت چکی تھی۔
گھر کے کام کاج سے فارغ ہوتی تو کچھ دیر ساس امی کو وقت دیتی اور ان کے چٹکلے سنتی۔ ساس امی بھی ماڈرن مگر دنیا کے شب و روز سے باخبر رہنے والی خاتون تھی۔
ارئے مریم بیٹی!
کیا بتاؤں: رات پھر سے خبروں میں سنا کہ مہنگائی مزید بڑھ رہی اور پیٹرول کی قیمتوں میں بے دھڑک اضافہ ہورہا ہے۔
ہائے اللہ! ناس ہو اس حکومت کا جو آئے روز مہنگائی کے ذریعے متوسط سے لیکر غریب طبقےکو پریشان کرہی ہے۔
ہائے! کیا بنے گا ہمارا؟
کہاں سے لائیں اتنا بجٹ جو اس مہنگائی میں پیٹ پالیں، بجلی کے، گیس کے بل بھریں،
بچوں کو پڑھائیں لکھائیں، آخر ہم کہاں جائیں؟
اوہ! امی جان
آپ اس قدر پریشان کیوں ہو جاتی ہیں؟
اللہ تعالیٰ تمام معاملات میں عافیت فرمائیں۔ لیکن اتنی زیادہ فکر مندی کیونکر؟
مریم نے پُرسکون لہجے سے کہا۔
ارے بہو!
تمہیں کیا فکر ہے؟
تمہیں تو تمام اشیاء وقت پر مل جاتی ہیں مگر میرا بیٹا کیسے کماتا ہےاور میں کیسے پورے گھر کو چلاتی ہوں کہ تو مجھے پتہ ہے۔ ایک روپیہ بھی نہیں بچتا جو کسی دکھ سکھ کے لیے جمع پونجی رکھ لوں۔
امی جان!
سب سے پہلے تو آپ پُر سکون ہو جائیں۔ جس قدر انسان پُرسکون ہوتا ہے ویسے ہمارے جسم سے ہارمون کا اخراج ہوتا ہے اور ہماری جسم بھی ایک خوشی وسکون کی کیفیت میں آ جاتا ہے۔
دیکھیے امی جان!
رازق اللہ تعالیٰ ہے۔ ہمیں آج تک اس ذات نے بھوکا پیاسا نہیں رکھا۔ ہماری بنیادی ضروریات الحمدللہ پوری ہورہی ہیں۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"زمین میں کوئی ایسا جاندار نہیں جس کا رزق اللہ تعالیٰ کے زمہ نہ ہو"۔( سورہ ہود: 06)
سب سے اہم بات امی جان!
اگر ہم مہنگائی پر اعتراضات کرتے کرتے حکمرانوں کو برا بھلا کہنا شروع کردیں تو یہ بہت ہی غلط بات ہے۔
ہماری رسائی تو صرف خود اپنی ذات تک ہے کہ ہمارا کنٹرول کہاں اور کس حد تک ہے۔
اگر ہم اپنے اندر کے کنٹرول کی بات کریں تو ہو سکتا ہے ہم حالات کی بجاے اپنا زاویہ نظر بدلیں۔ نفسیات کا ایک پہلو بھی ہے کہ حالات کو اگر ہم نہیں بدل سکتے تو اپنا زاویہ نگاہ تو بدل سکتے ہیں۔
ہم خود اپنے آپ کو چھوڑ کر دوسروں کو قصوروار ٹھہراتے ہیں۔ جس قدر ہم اپنے اردگرد، اپنے دیکھنے کا زاویہ نظر بدلیں گے اتنی زیادہ زندگی کے معاملات میں آسانی ہوگی۔ یہاں پر نفسیات یہ کہتی ہے کہ تبدیلی کے جو ذرائع انسان کو چاہئیں وہ پہلے سے اسکے اندر موجود ہیں۔
تو کیوں نہ ہم اس تبدیلی کو اپنے اوپر لاگو کر کے دیکھیں۔
ساس امی:
مریم بیٹی!
بات تو تمہاری سو آنے کی ہے۔
جی امی جان!
اور دیکھیے نا بحیثیت مسلمان ہمارے لیے کس قدر تسلی و تشفی ہےکہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
"ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے"۔ (سورہ نشرح: 06)
جہاں کہیں مشکل ہوگی وہیں پر آسانی بھی ہوگی مگر یہ کہ ہماری نظر صرف مشکل تک اور بند دروازے تک رہتی ہے۔ جب ہم ذہن کو اس طرف نہیں لگائیں گے کہ اور بھی راستے ہیں تو وہ ایک ہی جگہ پر اٹکا رہے گا۔
اور نفسیاتی پہلو سے ہمارے ذہن کا جو لاشوری حصہ ہے اسے کچھ پتہ نہیں ہوتا ہے۔ جس طرف ہم رخ موڑیں اسی طرف کام کرے گا، تو کیوں نا ہم مسائل کی بجاے اس کے حل پر توجہ دینا شروع کر دیں۔
واہ بیٹی!
تو نے تو آج مجھے ایک نئے رخ سے سوچنے پر مجبور کردیا۔ ساس امی نے مریم کی تعریف کرتے ہوئے کہا۔
امی جان!
یہ تو آپ کا حسن ظن ہے۔ بس بڑوں کی دعاؤں سے ہم چھوٹے بھی کسی کے کام کے آجاتے ہیں۔
بہت شکریہ مریم بیٹی!
اللہ تعالیٰ تمہیں شاد و آباد رکھے تو نے میری غیر ضروری تشویش ہی دور کر دی۔ چلو اب جلدی سے کھانا بنا لو بچے اسکول سے آنے ہی والے ہوں گے۔
مریم دعائیں سمیٹتے اور ساس امی کی تعریف پر پھولے نہ سماتے ہوے کچن کی طرف چل دی۔
قارئین کرام!
بات صرف ساس بہو تک محدود نہیں بلکہ یہ ہمارے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے کہ کہیں اس مہنگائی کے بڑھتے طوفان، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تلملا تو نہیں رہے؟
تو جناب!
ہم سب کا کنٹرول صرف اپنے آپ تک ہے نہ کہ دوسروں اور ملک کی تبدیلی تک۔ مشکلات و مصائب کا آنا ایک قدرتی عمل ہے۔ مگر اس میں دوسروں کو کوسنا، ہمدردی بٹورنا اور حکمرانوں کو برا بھلا کہنا کسی بھی طرح عقلمندی نہیں ہے۔
اگر ہمیں واقعی کوئی مشکل آن بھی پڑی ہے تو سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں۔ پھر مسئلے
پر پریشان ہونے کی بجائے اس کے ممکنہ حل کی طرف توجہ دی جائے۔
افلاطون نے کہا:
"شدائد جتنا عیش و عشرت میں کمی کر دیتے ہیں اتنا ہی نفس کی اصلاح بھی کردیتے ہیں"۔
تو ہمیں کسی بھی قسم کی مشکل پر پریشان ہونے کی بجاے ہمت، حوصلے اور صبر سے کام لینا چاہیے ہوسکتا ہے کہ اسی میں ہماری اونچی اڑان کا کوئی سبب موجود ہو۔
تندہی باد مخالف سے نہ گبھرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لیے
مزید پڑھیں




