شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے مشرقی ساحل سے مشرقی سمندر کی جانب بیلسٹک میزائل فائر کردیا، جنوبی کوریا کی فوج نے میزائل لانچ کی تصدیق کردی،یہ میزائل لانچ شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی سمندر کی طرف متعدد مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے جانے کے 8 روز بعد کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق شمالی کوریا کے وونسان کے علاقے سے مقامی وقت کے مطابق اتوار کو سہ پہر 3 بجے کے قریب مشرقی سمندر کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا، جس کے بعد فوج نے نگرانی اور چوکسی بڑھا دی۔
جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان میزائل سے متعلق معلومات ایک دوسرے سے مسلسل شیئر کررہے ہیں۔ جاپانی وزیراعظم کے دفتر نے بھی میزائل لانچ کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مشتبہ بیلسٹک میزائل قرار دیا، جبکہ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق میزائل سمندر میں گرا ہے, میز ائل داغے جانے کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی قومی سلامتی دفتر نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں ملکی سلامتی پر میزائل لانچ کے اثرات اور آئندہ کے ردعمل کا جائزہ لیا گیا۔
جنوبی کوریا کی حکومت نے شمالی کوریا سے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور ایک سنگین عمل ہے۔
شمالی کوریا نے رواں ہفتے اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کی جانب سے جوہری سرگرمیاں روکنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد مسترد کردی تھی۔ پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ قرارداد سے جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کی حیثیت سے اس کے مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
شمالی کوریا نے قانونی طور پر جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کی حیثیت برقرار رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے حال ہی میں ملک کی جوہری حیثیت کو ‘مطلق’ قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں





