ٹانک میں ٹریفک اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار جاں بحق، 2 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ٹانک پولیس کے مطابق ٹریفک اہلکار معمول کی ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا ڈی پی او ٹانک بتایا کہ ٹریفک پولیس اہلکار گاڑی میں ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ وزیرآباد کے علا قےمیں انہیں نشانہ بنایا گیا واقعے کے بعد اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کی گاڑی وزیرآباد کے علاقے میں پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اسے نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 ٹریفک اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی اوکے مطابق دہشت گرد ٹریفک پولیس موبائل بھی لے گئے تھے جسے بعدازاں گرہ بڈھا سے برآمد کیا گیا اس کے علاوہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئےملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے مسلح ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی عصمت اللہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے گزشتہ روز جنوبی ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد نے کرکٹ کھیل کر واپس آنے والے مقامی کھلا ڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 کھلاڑی جاں بحق ہوئے،اس سے قبل ڈی آئی خان میں امن میلے کی چیک پوسٹ کو گزشتہ ہفتے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 21 افراد جاں بحق ہوئے تھےاس سے قبل کوہا ٹ میں پرانے پولیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں





