افغانستان سے پاکستانی حدود میں آنے والے 8 ڈرون سیکورٹی فورسز نے کیے تباہ

افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز مار گرائے گئے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح افغان طالبان حکومت سے منسلک 8 ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جنہیں پاکستان کے الرٹ اور فعال فضائی دفاعی نظام، خصوصاً پاک فضائیہ نے کامیابی سے نشانہ بنا کر مار گرایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ کے قریب پہاڑی سرحدی علاقوں میں مار گرائے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈرونز کے ذریعے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔یہ واقعہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائی حملوں میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ڈرونز کے ذریعے جوابی کارروائی کی کوشش کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کرم سیکٹر میں مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور پوزیشنز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔پاکستانی مسلح افواج ملک اور عوام کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔





