مسئلہ فلسطین او آئی سی اور مسلم امہ کے اجتماعی شعور کیلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے،اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین او آئی سی اور مسلم امہ کے اجتماعی شعور کیلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے-
نیویارک میں او آئی سی کمیٹی برائے فلسطین سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، فلسطینیوں کے حقوق اور انصاف کے حصول کیلئے مسلم امہ کو یک زبان ہونا ہو گا،مسئلہ فلسطین او آئی سی اور مسلم امہ کے اجتماعی شعور کیلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے، کمیٹی پر فلسطینیوں کیلئے سیاسی وسفارتی حمایت متحرک کرنے کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدستور انتہائی تشویشناک ہے، غزہ میں جنگ بندی کی تقریباً روزانہ خلاف ورزی کی جا رہی ہے، مغربی کنارے، بشمول مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کی سرگرمیاں، آبادکاروں کا تشدد، الحاق کی پالیسیاں اور دیگر خلاف ورزیاں مقبوضہ فلسطینی علاقے کی علاقائی سالمیت ، جغرافیائی تسلسل اور فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔
https://x.com/ForeignOfficePk/status/2102299937677648348?s=20
اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیٹی برائے فلسطین کو مسجد اقصیٰ، حرم شریف اور بیت المقدس میں تمام اسلامی و مسیحی مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو محفوظ بنانے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں میں توسیع، الحاق کے اقدامات، آبادکاروں کے تشدد اور جبری بے دخلی کو مسترد کرنے کے حوالے سے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل کے لیے عالمی کوششوں کو برقرار رکھنا ہو گا جس کے نتیجے میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی حمایت بھی جاری رکھی جائے۔
وزیرخارجہ کہا کہ برادر اور شراکت دار ممالک کیساتھ مل کر فلسطین کے مقصد کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے فروغ کے لیے کام جاری رکھیں گے غزہ اور مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر عالمی خاموشی مجرمانہ ہے، عالمی برادری فلسطینیوں پر جاری مظالم کورکوانے کیلئے فوری اقدامات کرےاور محاصرہ زدہ فلسطینی علاقوں میں انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی غزہ تنازع کے خاتمے کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی عدالتیں جنگی جرائم کے احتساب کیلئے کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں





