Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تارکین وطن،تحریر: اللہ رکھا تبسم ایڈووکیٹ


پاکستان میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں تعلیم کی قدر کم ہوتی جا رہی ہے۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سرکاری اداروں میں ملازمت اب ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔ ملازمتوں کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔ اشرافیہ اپنے اخراجات کو کم کرنے کی بجائے عام آدمی کی زندگی اجیرن کیے ہوئے ہے۔ ایسی صورت حال میں پڑھا لکھا نوجوان جائے تو کہاں جائے؟ بے روزگار نوجوانوں کے پاس ایسے وسائل موجود نہیں جن کے ذریعے وہ بیرون ملک کا ویزہ حاصل کر سکیں۔ وہ ایسے ایجنٹوں کے ہاتھوں مجبور ہو جاتے ہیں جو ان کو باہر بھجوانے کے خواب دیکھاتے رہتے ہیں۔ زیادہ تر نوجوان ان کی چکنی چپڑی باتوں میں آ جاتے ہیں۔ وہ ایجنٹ ان بے روزگار پڑھے لکھے نوجوانوں کو جھانسہ دے کر کشتیوں کے ذریعے یورپی ممالک تک پہنچانے کا وعدہ کرتے ہیں۔ کچھ نوجوان کنٹینرز کے ذریعے باہر جانا چاہتے ہیں مگر ان سب کو اذیت ناک مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ چند ایک خوش نصیب منزل مقصود تک پہنچ پاتے ہیں جبکہ اکثریت ڈوب جانے یا دم گھٹنے کی وجہ سے اپنی قیمتی زندگی کا خاتمہ کر لیتی ہے۔ ان نوجوانوں کے خاندان اجڑ جاتے ہیں۔ بہت سارے نوجوان ایسے ہوتے ہیں جو اپنے خاندان کا واحد سہارا ہوتے ہیں۔ قرض لے کر وہ اپنے بیٹے کو ایجنٹوں کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں۔ ایک تو وہ اپنے نوجوان بیٹے سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اوپر سے قرض ان کو مزید تکالیف اور مصائب سے دو چار کر دیتا ہے۔


معزز قارئین کرام! ہمارا ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا انعام اور دولت ہے جس پر جتنا رشک اور ناز کیا جائے وہ کم ہے۔ اس ملک خدا داد کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ ہم اپنے ملک کے اندر رہتے ہوئے اپنی زندگی کو جنت بنا سکتے ہیں۔ میری پڑھے لکھے نوجوانوں سے انتہائی دردمندانہ گزارش ہے کہ اپنے ملک میں رہ کر کمائیں، کاروبار کریں یا کوئی نجی روز گار اختیار کر لیں مگر خود کو اور اپنے خاندان کو محفوظ رکھیں۔ تارکین وطن کا انجام بہت ہی خطر ناک اور عبرت ناک ہوتا ہے۔ "شارٹ کٹ" ہرگز استعمال نہ کریں۔ یہ آپ کے لیے اور آپ کی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روگ سے کم نہیں۔ تھوڑا کھا لیں مگر اپنے گھر میں عزت اور وقار کے ساتھ رہ کر جدوجہد کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ ذات باری ہمارے لیے ڈھیروں آسانیاں پیدا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!