تیل کی قیمتیں کم، لیکن کرائے بدستور بلند

0
52

شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ آسکی, شیخوپورہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران بڑی کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ایک فیصد بھی کمی نہیں کی اور بدستور لوکل اور دیگر اضلاع کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ پرپہلے والا کرایہ ہی وصول کیا جارہا ہے مسافروں کے احتجاج پر ڈرائیورز اور کنڈکٹرز ان سے بدکلامی پر اتر آتے ہیں سیکرٹری آر ٹی اے پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کے باوجود کئی روز گزرنے کے باوجود نیا کرایہ نامہ جاری نہ کرسکی اور بااثر ٹرانسپورٹرز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے کہ وہ مسافروں سے من مرضی کے کرائے وصول کریں ماضی میں جب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی ہوتا تو ٹرانسپورٹرز کرایوں میں از خود اضافہ کردیتے مگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود تاحال ٹرانسپورٹرز کی طرف سے کرایوں میں کمی کا اعلان نہیں ہوسکا حالانکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 127سے کم ہو کر 80روپے اور پٹرول کی قیمت فی لیٹر 117سے کم ہو کر 74روپے فی لیٹر پر آچکی ہے دوسری طرف شہریوں کی شکایت کے باوجود ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سدرہ یونس، سیکرٹری آر ڈی اے میڈم عاصمہ ناز اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس مقصود احمد لون نے کوئی نوٹس نہ لیا اور نہ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایہ جات میں کمی لانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں جس پر شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپیل کی ہے کہ وہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کرایوں میں کمی کروائیں اور ٹرانسپورٹرز کی جیب میں روزانہ اوور چارجنگ کی مد میں جانے والے لاکھوں روپے کا حساب بھی لگائیں تو اس اوور چارجنگ میں کون کون حصہ وصول کررہا اور کہاں کہاں بھتہ جارہا ہے؟، شیخوپورہ شہر میں ایس پی چوک سے بتی چوک تک فی سٹاپ رکشہ ڈرائیورز 20روپے فی کس سواری وصول کررہے ہیں اسی طرح طارق روڈ، خالد روڈ سمیت دیگر شہریوں علاقوں میں جانے والے رکشاؤں کا کرایہ بھی 20روپے ہی بدستور وصول کیا جارہا ہے جس میں کوئی کمی نہیں کی گئی، شیخوپورہ سے لاہور،مریدکے اور شرقپور کا کرایہ 50روپے فی کس، گوجرانوالہ کا 110، سیالکوٹ 200، فیصل آباد 140،خانقاہ ڈوگرا ں 60، فاروق آباد 30، حافظ آباد 90، سانگلہ ہل 100، صفدر آباد 70، گجرات 200روپے فی کس وصول کیا جارہا ہے، گزشتہ دو ماہ کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت میں عوام کو ملنا چاہئے تھا مگر ضلعی انتظامیہ اورسیکرٹری آر ٹی اے کی غفلت کے باعث کرایوں میں تاحال کمی نہ ہوسکی اور عوام کی جیب سے روزانہ ہزاروں روپے اوور چارجنگ کی مد میں نکلوائے جارہے ہیں حالانکہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی ڈپٹی کمشنر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے فی الفور نئے کرائے نامے جاری کرکے انہیں نافذ العمل کروانے کی ہدایت جاری کررکھی ہے مگر اس پر بھی عملدر آمد نہیں کیا جاسکا، سیکرٹری آر ٹی اے میڈم عاصمہ ناز نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اوور چارجنگ پر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے آئندہ دو روز تک نیا کرایہ نامہ نافذ العمل ہو جائیگا۔

Leave a reply