ایف آئی اے کا نیشنل بینک کےہیڈ آفس پر چھاپہ،نائب صدر گرفتار

0
36

ڈالرز کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایف آئی اے حکام نے نیشنل بینک کے ہیڈ آفس پر چھاپہ مار کر بینک کے نائب صدر کو گرفتار کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے ہفتے کی رات نیشنل بینک آف پاکستان کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مار کر بینک کے نائب صدر کو حراست میں لیا جبکہ ایک خاتون افسر سمیت بینک کے مزید 3 افسران چھاپے سے قبل فرار ہوگئے۔

رابطہ کرنے پر نیشنل بینک کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس چھاپے سے لاعلم ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ کارروائی بھی ڈالروں کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

ایف آئی اے حکام نے منگل کو بھی کراچی کے علاقے صدر اور گلشن اقبال میں منی ایکس چینج کمپنی کے دفاتر پر چھاپہ مار کر 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کی تحویل سے 7.6 ملین روپے ، 36،394 ڈالر اور 3 ملین روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی ضبط کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کو روکنے کے لیے کئی اقدامات کیے لیکن ڈالر کی مبینہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ روپے کی قدر میں مزید کمی کا باعث بنی ہے۔

Leave a reply