نکاسی آب کا موثر نظام اور بہتر انفراسٹرکچر کی تعمیر ناگزیر ہے، وزیراعظم

0
25

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو قدرتی آفات سے بچانے کے لیے نکاسی آب کا موثر نظام اور بہتر انفراسٹرکچر کی تعمیر ناگزیر ہے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پوری مستعدی اور بین الاقوامی ماہرین سے مشاورت کے بعد ایک مضبوط نیشنل فلڈ کنٹرول پلان تیار کریں۔

وزیراعظم نے ملک میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے ایک قابل عمل لائحہ عمل پیش کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ مستقبل میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے ،وفاق اور متعلقہ ادارے سیلاب زدگان کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،سیلاب زدہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے،مربوط کوششوں سے ہی حالیہ سیلاب جیسی آفت سےنمٹا جا سکتا ہے،سیلاب سے لاکھوں ایکڑ فصلیں تباہ،مال مویشی اور دیگراملاک کو نقصان پہنچا ،سیلاب زدگان کی فوری امداد کیلئے70ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،این ایف آر سی سی قومی سطح کے فیصلوں میں معاونت فراہم کرے گا،بطور قوم متحد ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا،چیلنج بڑاہے تاہم مشکل وقت نے ہمیں مضبوط ہونے کا موقع دیا ہے.

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایات زلزلہ بحالی اور تعمیر نو کے ادارے (ERRA) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (NFRCC) کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

وزیر اعظم نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے کہا کہ وہ ریور بیڈ میں زمین کے استعمال سے متعلق زوننگ قوانین اور ضوابط پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی تباہی سے بچا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ "نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے)، پاکستان آرمی انجینئرنگ کور اور صوبائی محصولات کے محکموں کے نمائندوں کی طرف سے ایک مشترکہ سروے کیا جا رہا ہے تاکہ نقصانات سے متعلق معتبر اعداد و شمار اکٹھے کیے جا سکیں۔

قبل ازیں وزیراعظم کو نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (NFRCC) کی ٹیم نے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ این ایف آر سی سی بچاؤ، ریلیف اور بحالی کی تین جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں تاریخی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو مؤثر طریقے سے کم کیا جا سکے۔

یہ بتانا ضروری ہے کہ نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کورونیشن سنٹر (این ایف آر سی سی) وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم کیا گیا تھا تاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی محکموں کی سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کو مربوط کیا جا سکے۔

Leave a reply