نواز کے لندن جانے کے بعد دیگرقیدیوں کی بھی سن لی گئی، وزیراعظم کا بڑا حکم

0
32

نواز کے لندن جانے کے بعد دیگرقیدیوں کی بھی سن لی گئی، وزیراعظم کا بڑا حکم، پاکستان میں عام قیدیوں کے مقابلے میں امیر لوگوں کے پاس انصاف تک رسائی آسان ہے

اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں سب کیلئے ایک قانون ہو گا، ہر شہری کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی اور رسائی دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی جیلوں میں 65 سال سے زائدالعمر قیدیوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں اور اگلے ہفتے کابینہ اجلاس میں ان کی تفصیلات پیش کروں گا۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں عام قیدیوں کے مقابلے میں امیر لوگوں کے پاس انصاف تک رسائی آسان ہے لیکن ہماری حکومت دوہرے معیار کو ختم کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عام قیدیوں کو انصاف اور بلاتفریقن انصاف کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں، کابینہ اجلاس میں بھی اس پر بات ہوئی، کابینہ نے مجھے ذمہ داری دی ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی جیلوں میں 65 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے جو سنگین جرائم میں ملوث نہ ہوں تاکہ انہیں فوری طور پر ریلیف دیا جا سکے اور میں اگلے ہفتے کابینہ اجلاس میں اس کی رپورٹ پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عام قیدیوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں جیل ریفارمز کمیٹی بھی کام کر رہی ہے، کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے کابینہ کو سفارشات پیش کرے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور بھی یہی ہے کہ پاکستان میں سب کیلئے ایک جیسا معیار ہو گا اور حکومت اس حوالے سے بھی اصلاحات لا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے میڈیکل بورڈ کی تجویز پر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے، اگر آصف علی زرداری کیلئے بھی میڈیکل بورڈ اسی طرح کی تجویز دے گا تو بلاشبہ انہیں بھی ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانڈ کی ہماری شرط جائز تھی، انڈیمنٹی بانڈ قانونی پہلو ہے اور لاہور ہائیکورٹ اس کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے کافی پیسہ لائے ہیں اور آنے والے دنوں میں بڑی ریکوریز متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسحاق ڈار کو بھی واپس لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔

Leave a reply