تلنگانہ: 17 سالہ بھارتی خاتون کرکٹر کی مبینہ خودکشی، ہراسانی کا الزام

حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی 17 سالہ کھلاڑی نندنی مبینہ طور پر خودکشی کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نندنی کی لاش ضلع ویکارآباد میں ان کی نانی کے گھر سے ملی۔ واقعے کے بعد اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دو نوجوانوں انیل اور کرشنا کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
نندنی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انیل گزشتہ چند روز سے محبت کے نام پر ان کا پیچھا کر رہا تھا اور انہیں ہراساں کر رہا تھا، جبکہ کرشنا پر انیل کی مدد کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر نندنی نے انتہائی قدم اٹھایا۔ تاہم پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس نے تحقیقات کے سلسلے میں نندنی کا موبائل فون فارنزک معائنے کے لیے قبضے میں لے لیا ہے، جبکہ ان کے والد کی شکایت پر مشتبہ موت کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
نندنی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے نامزد دونوں نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نندنی کی لاش اہل خانہ کے حوالے کردی ہے۔
مزید پڑھیں




