ٹرمپ چین میں اپنے چینی اور روسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل امریکی جریدے نیویارک پوسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات جمعرات کو چین کے شہر شینزن میں متوقع ہے۔نیویارک پوسٹ کے مطابق ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور کمی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق امور بھی ایجنڈے میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی جوہری ہتھیاروں میں کمی سے متعلق مذاکرات کی تصدیق کی ہے، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس متوقع ملاقات کے نتیجے میں کسی معاہدے کی توقع نہیں ہے۔
تینوں عالمی طاقتوں کے سربراہان کی اس ملاقات کو 1945ء میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یالٹا کانفرنس سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے شرکت کی تھی، جس میں یورپ کی نئی سرحدی حد بندیوں سے متعلق اتفاق کیا گیا تھا۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی متوقع ملاقات کو یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دیتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
زیلنسکی کا کہنا ہے کہ شینزن میں ہونے والی یہ ملاقات 21ویں صدی کی یالٹا کانفرنس ثابت ہو سکتی ہے، جہاں عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا معاہدہ طے پانے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں




