Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

غزہ جنگ کے آغاز سے اسرائیلی حملوں میں 262 فلسطینی صحافی شہید, 433 زخمی

israel

2023 میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 262 فلسطینی صحافی شہید اور 433 زخمی ہوچکے ہیں۔


عالمی یوم یکجہتی برائے فلسطینی صحافیو کے موقع پر جاری بیان میں غزہ کے حکومتی میڈیا آفس نے کہاکہ فلسطینی صحافیوں، خصوصاً غزہ میں کام کرنے والے صحافیوں کو جدید تاریخ کی ’بدترین اور ہولناک ترین ٹارگٹ کلنگ، قتل اور منظم تباہی‘ کی مہم کا سامنا ہے۔


بیان کے مطابق شہید ہونے والے صحافیوں میں 26 خواتین صحافی بھی شامل ہیں، جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز نے 50 صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 23 تاحال انتہائی ہولناک حالات میں زیرحراست ہیں۔


غزہ کے حکومتی میڈیا آفس نے کہا کہ میڈیا کے شعبے کو پہنچنے والے نقصانات 800 ملین ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں, اسرائیل نے 12 پرنٹ میڈیا دفاتر، ڈیجیٹل میڈیا اداروں کے 23 دفاتر، 12 مقامی ریڈیو اسٹیشنز، 16 ٹی وی اور سیٹلائٹ چینلز، 27 پرنٹنگ پریس اور آزادی صحافت کے لیے کام کرنے والی 5 تنظیموں کے دفاتر کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کردیا ہے۔


غزہ کے حکومتی میڈیا آفس نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس اور فیڈریشن آف عرب جرنلسٹس سے اپیل کی کہ فلسطینی صحافیوں کو قانونی اور زمینی تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اور ہنگامی مداخلت کی جائے۔


بیان کے مطابق اکتوبر 2023 سے اسرائیل غزہ میں جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں قریباً 74 ہزار افراد جاں بحق اور قریباً ایک لاکھ 75 ہزار زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کا 90 فیصد حصہ بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار ہوا ہے۔


بیان میں کہا گیا کہ 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل غزہ میں فضائی حملے اور فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں اب تک ایک ہزار 408 فلسطینی شہید اور 4 ہزار 916 زخمی ہوچکے ہیں، جن میں صحافی بھی شامل ہیں