جمعرات، 22 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آبنائے ہرمز کے قریب 7 بحری جہازوں کو ایک ہی دن میں نقصان,ایرانی میڈیا

ship-fire-gujarat-222708650-16x9_0

آبنائے ہرمز کے قریب ایک ہی رات میں 7 تیل بردار بحری جہازوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے، ایرانی سرکاری ٹی وی کا دعویٰ، 4 جہاز حملوں کی زد میں آکر آگ لگنے سے متاثر ہوئے، 3 بحری سرنگوں سے ٹکرا کر ناکارہ ہوگئے-


ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق 4 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی، جب کہ مزید 3 جہاز بحری سرنگوں سے ٹکرا کر ناکارہ ہوگئے۔ اگر ان اطلاعات کی تصدیق ہوجاتی ہے تو 28 فروری کو ایران جنگ شروع ہونے کے بعد یہ اس آبی گزرگاہ میں ایک دن کے دوران جہازوں کو نقصان پہنچنے کا سب سے بڑا واقعہ ہوسکتا ہے۔


ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایرانی نشریاتی ادارے نے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ نشانہ بننے والے 4 تیل بردار جہاز تیل کی منتقلی میں مصروف تھے۔ رپورٹ کے مطابق دیگر 3 جہاز بحری سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث متاثر ہوئے اور ان کی نقل و حرکت رک گئی۔


تاہم ایرانی رپورٹ میں متاثرہ جہازوں کے نام، ان کے پرچم، ممکنہ جانی نقصان یا تباہی کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان واقعات کی آزادانہ تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔


پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں ایسے جہاز جو اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کرکے سفر کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔