منگل، 20 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے ایک دن میں 99 کیسز رپورٹ

3jpf0c1o_dengue-home-remedies_625x300_24_September_22

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 99 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد رواں سال صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 91 ہوگئی ہے۔


اکتوبر میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث کوہاٹ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بن گیا ہے، جہاں رواں سال اب تک 2 ہزار 567 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈینگی سے متاثرہ ٹانک کے ایک شہری کی موت بھی ہوئی ہے۔


انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس سسٹم کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے 99 نئے کیسز رواں سال کی بلند ترین یومیہ تعداد ہیں کوہاٹ میں ڈینگی کے 2 ہزار 567، پشاور میں 566، بنوں میں 192، خیبر میں 120، ہری پور میں 112، چارسدہ میں 75، ایبٹ آباد میں 71، نوشہرہ میں 51، کرک میں 43، مانسہرہ میں 38، ڈیرہ اسماعیل خان میں 35، صوابی میں 28 اور مہمند میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ دیگر اضلاع میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 سے کم ہے۔


رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے نے محکمہ صحت کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں،یکم اکتوبر سے اب تک کوہاٹ میں 80، بنوں میں 24 اور پشاور میں 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کوہاٹ میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے بیماری پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔


محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت صوبے میں ڈینگی کے 144 فعال کیسز ہیں، جبکہ رواں سال 3 ہزار 946 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں،ماہرین کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال صورت حال نسبتاً بہتر ہے۔ گزشتہ سال صوبے میں ڈینگی سے 6 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے، جن میں ایک ہزار سے زیادہ کیسز چارسدہ میں سامنے آئے تھے-