جمعرات، 15 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا میں گورنرراج کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہوگا

parliment

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی توثیق کے بعد اب گورنر راج کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو گا -


خیبر پختونخوا میں نافذ کیے گئے گورنر راج کی آئینی و قانونی توثیق کے لیے پارلیمنٹ (قومی اسمبلی و سینیٹ) کا اہم ترین مشترکہ اجلاس آج صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا اس مشترکہ اجلاس میں صوبے میں گورنر راج کی توسیع و توثیق کے لیے باقاعدہ قرار داد پیش کی جائے گی۔


واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران امن و امان کی بگاڑ، بدامنی اور سرحد پار سے بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر کے تناظر میں وفاقی حکومت نے آئینی اقدامات کے تحت صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ کیا تھا، تاکہ ریاست کی حاکمیت کو یقینی بنایا جا سکے۔


گزشتہ روز قومی اسمبلی اور ایوانِ بالا (سینیٹ) کے الگ الگ اجلاسوں میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کی جا چکی ہے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق نے کشیدہ سیاسی ماحول کو سازگار بنانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی ہے۔ اسی کے ساتھ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے گرفتار اراکینِ اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ کنڈی کے پروڈکشن آرڈرز بھی جاری کر دیے ہیں تاکہ وہ پارلیمانی عمل کا حصہ بن سکیں۔