ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس اور تحفظ حرمین ،تحریر:عبدالمالک مجاہد

نقطہ نظر

مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام اور قائد ملت سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی زیر قیادت 15 نومبر 2026ء بروز اتوار کو آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے۔ یہ تاریخ ساز کانفرنس ایک ایسے موقع پر منعقد ہو رہی ہے جب پوری دنیا میں امریکہ اور ایران جنگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے جنوب میں واقع یمن کے حوثی باغی مسلسل سعودی عرب پر ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کر رہے ہیں۔ یہ جنگ پوری دنیا کو متاثر کر رہی ہے۔ جنگ کی وجہ سے تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات بتانے کی نہیں ہے کہ جب پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوگا تو پھر ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔ قیمتوں کے اضافے کے اثرات ہر جگہ دیکھے گئے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ کس طرح یورپ کے نہایت اہم ممالک فرانس، سپین اور اٹلی میں بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف لوگ سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

ہمارے ہاں یورپ کے ممالک کو نہایت ترقی یافتہ اور اقتصادی اعتبار سے مضبوط سمجھا جاتا ہے مگر اس کے باوجود فرانس میں ستمبر کے وسط سے اکتوبر کے آخر تک بارہ سو سے زیادہ مظاہرے ہوئے۔ فرانس میں پانچ نومبر کے مظاہروں میں وزارت داخلہ کے مطابق 5 لاکھ 75 ہزار افراد نکلے۔ ان ہنگاموں کو روکنے کے لیے 70 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے۔ میں نے یہ اشارہ صرف ایک ملک فرانس کے بارے میں کیا ہے۔ دوسرے ملکوں کے بارے میں آپ خود اندازہ کر سکتے ہیں۔ میرا ان گزارشات کا مقصد یہ ہے کہ جنگیں ہمیشہ مہنگائی، تباہی اور قتل و غارت لاتی ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان عامۃ الناس کا ہوتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی عرض کر دوں کہ یہ مہنگائی صرف یورپ ہی میں نہیں بلکہ امریکہ اور برطانیہ میں بھی حد سے زیادہ ہے۔

قارئین کرام! اب ہم اپنے پیارے وطن پاکستان کی طرف آتے ہیں جہاں اس جنگ کے بُرے اثرات پائے جاتے ہیں۔ غور کیجیے کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے پاکستان میں پٹرول کی قیمت 258 روپے فی لیٹر تھی۔ اب 346 روپے فی لیٹر ہے۔ اس دوران مئی میں پٹرول کی 415 روپے فی لیٹر بھی رہی ہے ۔ پوری دنیا کے لوگ ایران امریکہ جنگ کے خاتمے کے منتظر تھے۔ پاکستان نے شاندار سفارتی کامیابی حاصل کی اور اس کی ثالثی کی وجہ سے ایران، امریکہ نے ایک دستاویز پر دستخط کیے۔ پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ جناب سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ جناب اسحاق ڈار کی مسلسل محنت، کوشش اور ایران کے متعدد دورے رنگ لائے۔ امن معاہدہ ہو گیا۔ محترم جناب شہباز شریف نے بھی اس پر دستخط کیے۔

معاملہ بڑی حد تک جنگ کے خاتمے کے قریب پہنچ گیا تھا مگر اچانک ہمسایہ ملک نے خلیجی ممالک پر حملے کرنے شروع کر دیے۔ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات اور آ رامکو پر حملے ہوئے۔ متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، اردن پر مسلسل ڈرون حملے کیے گئے۔یہاں تک کہ مکہ اور مدینہ پر بھی میزائل داغے گئے جو خوش قسمتی سے اتحادی افواج نے ناکام کردیے۔ تاہم مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات پر اب بھی وقتاََ فوقتاََ میزائل داغنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عام سعودی شہروں پر جو یلسٹک میزائل داغے گئے اس سے بہت ساری قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ پھر اچانک یمن کی طرف سے حوثی باغیوں نے سعودیہ کے شہروں پر بھی حملے کرنے شروع کر دیے۔

اسی دوران مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکی میں دفاعی معاہدہ ہوتا ہے۔ سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے بڑے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ اس کے باوجود کہ ان پر جارحیت کی گئی۔ ان کی تنصیبات پر حملے ہوئے۔ ان کا جانی اور مالی نقصان ہوا مگر سعودی قیادت نے ہر مرحلے پر امت اسلامیہ کے بہترین مفاد میں عمدہ فیصلے کیے۔ جب پانی سر سے اوپر ہوا تو اسلامی اتحاد نے حوثی باغیوں پر حملے کیے اور باب المندب پر دوبارہ قبضہ حاصل کیا۔ حوثی باغی کون ہیں؟ ان کے بارے میں تفصیل ...... ایک لمبے مضمون کا تقاضا کرتی ہیں۔ مختصر یہ ہے کہ یہ خود کو انصار اللہ کہتے ہیں۔ ان کو اسلحہ اور قوت دینے والا ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔ یہ اس کی پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ لوگ جدید میزائلوں، اہم پرزوں اور ٹیکنالوجی کے لیے اس پر انحصار کرتے ہیں۔ ان کے جنگجوئوں کی تعداد اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ کے مطابق تقریباً ساڑھے تین لاکھ ہے۔

ہرچند کہ سعودی عرب کی فوج نے بھی حوثیوں پر ہوائی جہازوں سے حملے کیے ہیں اور ان کی دفاعی قوت میں خاصی کمی ہوئی ہے مگر ان کی جارحانہ سرگرمیاں کم ہونے میں نہیں آ رہیں۔ان حالات میں جبکہ سعودی عرب پر حوثی باغی حملے کر رہے ہیں، ان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ الحمدللہ اہل پاکستان اور پاکستان کی حکومت سعودی حکومت اور ان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سعودی حکمرانوں کے ساتھ صدیوں سے تعلقات چلے آ رہے ہیں۔ یہ وہ جماعت ہے جس نے ہر موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور اس کے عوام کی مکمل حمایت کی ہے۔ سعودی عرب کے علماء ، وہاں کے مشائخ اور علمائے اہلحدیث عقیدہ اور منہج میں بالکل ایک ہیں۔ ان حالات میں ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم سعودی حکومت اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ میں اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور جماعت کی اعلیٰ قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کروں گا کہ انھوں نے ان حالات میں بڑا جرأت مندانہ فیصلہ کیا ہے کہ بھاری تعداد میں اہلحدیث ایک میدان میں اکٹھے ہو کر اس بات کا عہد اور اعلان کریں کہ ہمارے دل، ہمارے مال و جان ہماری قوتیں، ہماری طاقتیں، ہماری ہمدردیاں، ہماری وفاداریاں خادم الحرمین الشریفین الملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد الامیر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کے ساتھ ہیں۔

ان شاء اللہ 15 نومبر اتوار کے روز پاکستان کے گوشے گوشے سے اس وسیع و عریض میدان میں اہلحدیث ایک عہد کریں گے کہ وہ حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عرب کی حکومت اور اس کے عوام کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ تمام اہلحدیث اپنے قائد سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی قیادت میں سعودی حکومت کو یہ پیغام دیں گے کہ ہم شروع دن سے آپ کے ساتھ ہیں ۔ ہم پاکستان کے ساتھ اپنی مسلح افواج کو بھی یہ یقین دلائیں گے کہ تمام اہلحدیث پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ ان کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم سرحد کے پار سے آنے والے دراندازوں اور بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خلاف آپ کی جدوجہد اور کوششوں کو بھی سراہتے ہیں۔ ہم دل و جان سے آپ کے تمام فیصلوں اور کاموں کی تائید کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مدد فرمائے اور ہمارے شہداء کی قربانیاں قبول فرمائے۔

اس کانفرنس کی وساطت سے ہم حوثی باغیوں کو یہ کہنا چاہتے ہیں ہمیں معلوم ہے تم مکہ اور مدینہ پر قبضہ کے خواب دیکھتے ہو۔ ان شاء اللہ تم اپنے مقاصد میں قیامت تک کامیاب نہیں ہو سکتے ۔اس لیے کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان ، عقیدت اور ملی غیرت کا تقاضا ہے ۔ سعودی عرب کے دکھ کو اپنا دکھ اور اس کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہوئے ہم اہل پاکستان عہد کرتے ہیں کہ ہر آزمائش اور مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ حرمین شریفین کی حرمت ، تقدس اور سلامتی کے لیے ہماری محبت ، وابستگی اور یکجہتی ہمیشہ برقرار رہے گی ۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حرمین شر یفین کو ہر قسم کے شروفتنہ سے محفوظ رکھے ۔

سعودی عرب اور اس کی حکومت زندہ باد، پاکستان فوج پائندہ باد۔