معروف شاعرہ شبنم مرزا سے مبینہ 11 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی
اہلِ ادب، قلم کاروں اور صحافیوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

لاہور کی معروف شاعرہ، کالم نگار اور افسانہ نگار ،باغی رائیٹرز فورم کی رکن شبنم مرزا کے ساتھ مکان کی رجسٹری اور انتقال کے معاملے میں مبینہ طور پر 11 لاکھ روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ شاعرہ کے مطابق ایڈووکیٹ محمد عاصم نے رقم وصول کرنے کے باوجود مکان کی رجسٹری مکمل نہ کروائی اور نہ ہی رقوم واپس کی
شبنم مرزا کے مطابق ایڈووکیٹ محمد عاصم نے مکان کی رجسٹری اور انتقال کروانے کے لیے شبنم مرزا سے 11 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم تقریباً 10 ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو رجسٹری مکمل کروائی گئی اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ رقم کی واپسی کے لیے دیا گیا چیک بھی ڈس آنر ہوگیا، جبکہ ادائیگی کے ثبوت اور بینک سے متعلقہ دستاویزات موجودہیں، ملزم ایڈووکیٹ محمد عاصم کی ضمانت خارج ہونے کے بعد سیشن کورٹ سے فرار ہونے کا الزام بھی سامنے آیا ہے۔
شبنم مرزا ان دنوں کینسر کے مرض سے نبردآزما ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں مبینہ طور پر 11 لاکھ روپے سے محرومی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ادبی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے ساتھ مالی دھوکا دہی ہوئی ہے تو متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ شفاف تحقیقات کرکے قانون کے مطابق انصاف فراہم کریں۔ہلِ ادب، قلم کاروں اور صحافیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو میرٹ پر تحقیقات، متاثرہ شاعرہ کی رقم کی واپسی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کریں۔متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہونے دی جائے۔ادبی و صحافتی حلقوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ شبنم مرزا کو انصاف کی فراہمی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہی عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد برقرار رکھنے کی بنیاد ہے
مزید پڑھیں

ٹرانس جینڈر مرد اور اہلیہ پہلے بچے کی آمد کے منتظر


سحر کامران کا بیگم نصرت بھٹو کو خراجِ عقیدت
