برطانیہ میں دو روز کے دوران دو طوفانوں کی پیش گوئی
برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے رواں سیزن کے دوسرے نامزد طوفان ’’بویلو‘‘ (Storm Boelo) کی ہفتے کو آمد کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے اثرات زیادہ تر ملک کے شمالی علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بویلو ہفتے کی دوپہر شمالی آئرلینڈ اور مغربی اسکاٹ لینڈ میں داخل ہوگا، جس کے بعد تیز ہواؤں اور بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ ہفتے کو پورے برطانیہ میں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے، جبکہ شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ میں تیز ترین ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ، ویسٹرن آئلز، اورکنی اور شمالی انگلینڈ کے انتہائی شمالی علاقوں کے لیے ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی رات 9 بجے تک تیز ہواؤں کا زرد انتباہ جاری کیا ہے۔ ان علاقوں میں ہواؤں کے جھکڑ 55 سے 65 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں یہ رفتار 70 سے 80 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔شمالی آئرلینڈ کے لیے بھی ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی سہ پہر 3 بجے تک زرد انتباہ جاری کیا گیا ہے، جہاں ہواؤں کی رفتار 50 سے 60 میل فی گھنٹہ رہنے جبکہ کھلے اور ساحلی علاقوں میں 65 سے 75 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
طوفان بویلو کی آمد سے قبل برطانیہ رواں سیزن کے پہلے نامزد طوفان ’’آسٹن‘‘ (Storm Austen) کی زد میں آئے گا، جو جمعے کو ملک کے جنوب مغربی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ محکمہ موسمیات نے کارن وال، آئلز آف سِلی اور ڈیون کے لیے جمعے کی صبح ایک بجے سے شام 5 بجے تک تیز ہواؤں کا امبر انتباہ جاری کیا ہے۔ انگلینڈ اور ویلز کے وسیع علاقوں میں بھی جمعے کو ہواؤں کے لیے زرد انتباہ نافذ رہے گا، جہاں جھکڑ 45 سے 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے نائب چیف پیش گو کرس بلمر کے مطابق طوفان بویلو ملک کے ان علاقوں کو متاثر کرے گا جو طوفان آسٹن کے اثرات سے مختلف ہیں۔ دونوں طوفانوں کے باعث تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کے ساتھ اختتام ہفتہ موسم کی صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے چیف پیش گو نیل آرمسٹرانگ نے طوفان آسٹن کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ درختوں پر پتے موجود ہونے کے باعث تیز ہواؤں سے شاخیں اور درخت گرنے کا خدشہ ہے، جس سے سڑکوں اور ریلوے کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو جمعے کی صبح سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے ویلز اور جنوب مغربی انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں بلند لہروں اور خطرناک سمندری حالات سے بھی خبردار کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چٹانوں کے کناروں اور طوفانی سمندر سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آسٹن جمعے کی شام تک شمالی سمندر کی جانب بڑھ جائے گا اور اس کے اثرات کم ہونا شروع ہوجائیں گے، تاہم ہفتے کے اختتام پر طوفان بویلو کے باعث برطانیہ کے شمالی علاقوں میں موسم کی شدت دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔





