بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بہاولپور: فلپائنی خاتون پر مبینہ تشدد، سسر گرفتار،شوہر فرار


بہاولپور کے تھانہ سمہ سٹہ کی حدود میں ایک غیر ملکی فلپائنی خاتون پر مبینہ تشدد کے معاملے میں پولیس نے متاثرہ خاتون کے سسر کر گرفتار کرلیا ہے۔


پولیس نے خاتون کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ خاتون کا شوہر سکندر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات کے مطابق فلپائن سے تعلق رکھنے والی خاتون کو ان کے شوہر اور سسر مسلسل تشدد کا نشانہ بناتے تھے واقعے کے روز جب خاتون نے اپنے شوہر سے موبائل فون مانگا تو اس نے فون پر کوڈ لگا دیا اور انکار کر دیا، جس کے بعد شوہر سکندر او ر سسر صابر نے تشدد کرتے ہوئے خاتون کو بالوں سے پکڑ کر زمین پر گھسیٹا۔


https://x.com/sumair_shah123/status/2120191789927899502?s=20


پولیس کے مطابق، شدید تشدد سے بچنے کے لیے غیر ملکی خاتون نے بھاگ کر محلے داروں کے گھر میں پناہ حاصل کی، جنہوں نے معاملے کی اطلاع پولیس کو دی، اطلاع ملتے ہی تھانہ سمہ سٹہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فلپائنی خاتون کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد اسے مقامی عدالت میں پیش کیا۔


عدالت نے متاثرہ خاتون کی حفاظت اور دیکھ بھال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسے دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اسلام آباد میں واقع فلپائن کے سفارت خانے سے فوری طور پر رابطہ قائم کریں تاکہ سفارتی سطح پر معاملے کی ا طلاع دی جا سکے۔