بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش: امریکی عدالت نے بھارتی حکومت کو سمن جاری کر دیئے


امریکی وفاقی عدالت (نیویارک کی سدرن ڈسٹرکٹ کورٹ) نے سکھ رہنما اور "سکھس فار جسٹس" کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنوں کے مبینہ قتل کی سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت اور دیگر متعلقہ افراد کو باقاعدہ سمن اور عدالتی نوٹس جاری کر دیے ہیں-


امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نیویارک کی سدرن ڈسٹرکٹ کی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات اور امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 9 اکتوبر کو ایک سفارتی مرا سلے کے ذریعے عدالتی نوٹس واشنگٹن ڈی سی میں واقع بھارتی سفارت خانے کو ارسال کیا گیا۔


اس مقدمے میں بھارتی حکومت کے علاوہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ سمنت گوئل، سابق ’را‘ افسر وکرم یادو اور نکھل گپتا سمیت دیگر افراد کو نامزد کر کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔


گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت اور ان نامزد شخصیات کے خلاف ستمبر 2024 میں امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا، اس مقد مے کی بنیاد امریکا میں ان کے مبینہ قتل کی سازش کے انکشافات پر رکھی گئی تھی اور اس میں مبینہ طور پر بھارتی شہری نکھل گپتا شامل تھا، نکھل گپتا کو جون 2023 میں پراگ سے گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا گیا تھا، اس نے فروری 2026 میں پیسے دے کر قتل کر وانے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کے تین الزامات میں صحتِ جرم قبول کی تھی۔


امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص منشیات کے انسداد کے ادارے (ڈی ای اے) کی تحقیقات کے مطابق سابق بھارتی افسر وکرم یادو نے پنوں کے قتل کے منصوبے کے لیے نکھل گپتا سے رابطہ کیا تھا، جس کی روشنی میں امریکی وزارتِ انصاف نے اکتوبر 2024 میں وکرم یادو پر فردِ جرم عائد کی تھی۔


امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بھارتی سفارت خانے کو سفارتی مراسلہ بھجوانا ایک ضابطے کی کارروائی ہے اور اس سے جاری سول مقدمے پر امریکی موقف کی عکاسی نہیں ہوتی۔


امریکی عدالت کی جانب سے بھارتی حکام کو سمن جاری ہونے پر پاکستان کی جانب سے بھی ردِعمل سامنے آیا ہےڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے اس معاملے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی سرپرستی، مالی معاونت اور سہولت کاری میں ملوث ہےاور انہوں نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو ان بین الاقوامی سرگرمیوں کا مر کز ی منصوبہ ساز قرار دیا ہے۔