بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ کیخلاف مواخذے کی قرارداد مسترد


امریکی ایوانِ نمائندگان میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ناکام ہو گئی-


ریپبلکن ارکان نے مواخذے سے متعلق قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر پینٹاگون کے سربراہ کو عارضی ریلیف فراہم کر دیا,تاہم آئندہ سال کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ڈیموکریٹس ان کے خلاف دوبارہ مواخذے کی تحریک پیش کر سکتے ہیں۔


منگل کو امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی طریقہ کار کی قرارداد کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ آئے۔ قرارداد میں مواخذے کی 8 دفعات کو ریپبلکن اکثریتی ایوان کی جوڈیشری کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔


مواخذے کی تحریک پیش کرنے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے خبردار کیا تھا کہ کمیٹی کو معاملہ بھیجنے کا مقصد دراصل مواخذے کی کوشش کو ختم کرنا ہے،میسی کو امید تھی کہ ہیگسیتھ کی پالیسیوں سے ناخوش ریپبلکن ارکان بھی ان کا ساتھ دیں گے، خصوصاً ایران کے خلاف جنگ کی غیر مقبولیت کے باعث، تاہم کسی دوسرے ریپبلکن رکن نے ان کی حمایت نہیں کی۔


دوسری جانب مواخذے کی حمایت کرنے والے ڈیموکریٹس کے 11 ارکان، جن میں سابق اسپیکر نینسی پیلوسی بھی شامل تھیں، ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے،اگر ان میں سے 8 ارکان بھی ووٹ دیتے تو قرارداد مسترد ہو سکتی تھی اور ایوان میں مواخذے پر براہِ راست ووٹنگ کی راہ ہموار ہو جاتی۔


تھامس میسی نے ووٹنگ کے نتائج پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے ریپبلکن ارکان کا موازنہ ٹائی ٹینک کے ایسے مسافروں سے کیا جو جہاز کو ڈوبتا دیکھنے کے باوجود اس پر سوار رہنے کا فیصلہ کیے ہوئے ہیں۔


صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہےانہوں نے ایران اور وینزویلا سمیت مختلف معاملات پر وزیر دفاع کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں عظیم امریکی محبِ وطن قرار دیا۔