بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایران میں خواتین کا پہلا ملٹری کیمپ قائم


ایران نے خواتین کے لیے پہلا فوجی تربیتی کیمپ قائم کردیا ہے تہران کے آزادی اسکوائر پر قائم مرکز میں خواتین کو عسکری، دفاعی اور جنگی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔


پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے زیرِ انتظام اس تربیتی مرکز کو ایران کی وسیع تر قومی دفاعی مہم ’’جان فدا‘‘ کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مطلب ’’ایران پر قربان‘‘ ہے۔ اس پروگرام کا مقصد عام شہریوں کو ممکنہ ہنگامی اور جنگی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔


ایرانی حکام کے مطابق ملک میں لازمی فوجی سروس صرف مردوں کے لیے ہے، تاہم اس دفاعی پروگرام کے تحت اب تک لاکھوں شہری آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں مہم کے تحت خواتین کو بھی اس قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی زمینی حملے یا تنازع کی صورت میں وہ اپنے گھروں، خاندانوں اور علاقوں کا دفاع کرسکیں۔


تربیتی کیمپ میں خواتین رضاکاروں کو گوریلا جنگ، دفاعی حکمتِ عملی اور ہنگامی حالات میں رسد کی فراہمی سے متعلق تربیت دی جا رہی ہے اس کے علاوہ انہیں رائفل، خودکار ہتھیار، کلاشنکوف، اسنائپر رائفل اور ڈی ایس ایچ کے جیسی بھاری مشین گن چلانے کی عملی مشقیں بھی کرائی جا رہی ہیں۔


خواتین کو شہری علاقوں میں جنگ کے طریقوں، اونچی دیواروں پر چڑھنے، رسیوں کی مدد سے بلندی سے نیچے اترنے اور تیز رفتار زپ لائن کے ذریعے نقل و حرکت کی تربیت بھی دی جا رہی ہے،فوجی مشقوں کے ساتھ شہری دفاع اور ہنگامی امداد کو بھی تربیتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ خواتین رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد، زخمیوں کے فوری علاج اور جنگی حالات میں امدادی سامان کی ترسیل اور دیگر انتظامات سے متعلق تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔