مریم نواز پنجاب میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر برہم، پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈ یو لنک کےذریعے شرکت کی,اجلاس میں آئی جی پنجاب نےصوبےبھرمیں جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں جرائم 41 فیصد، ملتان ریجن میں 47 فیصد، بہاولپور ریجن میں 52 فیصد اور گوجرانوالہ ریجن میں 67 فیصد کم ہوئے ہیں، جبکہ گجرات ریجن میں 58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مریم نواز شریف نے پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں میں گندم کی اسمگلنگ روکنے، رشوت ستانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تیز رفتاری کے خلاف یقینی کارروائی اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے، منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ تمام آر پی اوز کو جرائم سے متعلق ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں ملتان واقعے سمیت سنگین جرائم پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آر ایم سی پولیس فورس کو سراہا اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جاں بحق پولیس افسران کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور پیکیج دینے کی ہدایت بھی کی۔
مزید پڑھیں



ٹرانس جینڈر مرد اور اہلیہ پہلے بچے کی آمد کے منتظر

