ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پشاور کی فضائی حدود کی نگرانی کے لیےاینٹی ڈرون نظام فعال

drone-231416337-16x9_0

پشاورمیں سیف سٹی منصوبے کو اینٹی ڈرون نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، یہ نظام 20 کلومیٹر تک کی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرونز کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


اس جدید نظام کے ذریعے شہر کی فضائی حدود میں کسی بھی مشتبہ ڈرون کی پرواز کا سراغ لگایا جا سکے گا، جس کے بعد اسے ناکارہ بنا نے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کرنے اور اس کے مؤثر استعمال کے لیے پولیس اہلکاروں کو باقاعدہ تربیت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔


ڈی آئی جی پولیس (آئی ٹی) رائے اعجاز احمد کے مطابق سیف سٹی منصوبے کے تحت پشاور کے مختلف علاقوں میں نصب 711 کیمرے پہلے ہی زمینی سطح پر نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ اب فضائی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اینٹی ڈرون نظام بھی نصب کر دیا گیا ہے، یہ نظام 20 کلومیٹر تک کی حدود میں پرواز کرنے والے ڈرونز کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


پشاور سیف سٹی منصوبے کے تحت گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت، تھرمل امیجنگ، پولیس اہلکاروں کے جسم پر نصب کیے جانے والے کیمروں اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بھی نصب کیے جا چکے ہیں پشاور کی طرز پر بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، تاہم دونوں اضلاع میں مزید کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے، جبکہ لکی مروت میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں سیف سٹی منصوبوں کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے مزید 6 ماہ درکار ہو ں گے،پشاور پولیس میں ایک خصوصی اینٹی ڈرون یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں تعینات اہلکاروں کو ڈرون ٹیکنالوجی اور اس سے نمٹنے کے طریقوں کے بارے میں خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔