آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات کو مسترد کر دیا

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری ’صبر‘ (SABR) میں 2018ء کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل سے متعلق انکشافات نے آسٹریلوی کرکٹ میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے ان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم تھا۔ ان کے مطابق یہ معاملہ صرف چند کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا بلکہ ٹیم کے دیگر ارکان بھی اس سے آگاہ تھے۔
عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر آٹھ سال بعد خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ سچائی سامنے لانے کی پوری ذمہ داری صرف ان پر عائد ہو۔ ان کے مطابق یہ معاملہ پوری ٹیم کی حیثیت سے سامنے آنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے سڈنی میں ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی میڈیا گفتگو میں عثمان خواجہ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میدان میں سینڈ پیپر لے جانے کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ اگر عثمان خواجہ کا مطلب یہ ہے کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ سینڈ پیپر میدان میں لے جایا جا رہا ہے تو یہ دعویٰ 100 فیصد غلط ہے۔ میں گزشتہ آٹھ سال سے مسلسل یہی کہتا آیا ہوں کہ مجھے اس منصوبے کا علم نہیں تھا۔
انہوں نے عثمان خواجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دوست رہے ہیں، لیکن دوست ایک دوسرے کی زندگیوں اور ساکھ کے معاملے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کرتے۔ ان کے بقول کتاب میں ان کے اور دیگر کھلاڑیوں کے بارے میں ایسی باتیں لکھی گئی ہیں جو آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔
پیٹ کمنز نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ عثمان خواجہ نے اپنے علم اور الزامات کو منظر عام پر لانے کے لیے آٹھ سال انتظار کیوں کیا؟ تاہم انہوں نے عثمان خواجہ کو اپنی کہانی بیان کرنے کا حق تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ذمہ داری بھی وابستہ ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ 2018ء کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں اس واقعے کے حوالے سے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے کردار اور مبینہ آگاہی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں، جنہیں پیٹ کمنز اور دیگر کھلاڑیوں نے مسترد کیا ہے۔
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب کا نام ’صبر‘ رکھا ہے۔ ان کی زندگی کا ایک اہم پہلو آسٹریلوی کرکٹ میں نسلی تعصب اور امتیازی رویوں کا سامنا کرنا بھی رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انہیں ایک براؤن کھلاڑی ہونے کی وجہ سے دوسروں کے مقابلے میں دوگنی کارکردگی دکھانا پڑتی تھی۔
عثمان خواجہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران نسل پرستانہ رویوں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 88 ٹیسٹ میچز کھیلے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کتاب میں انہوں نے اپنے بچپن کے دوست ڈیوڈ وارنر کے ساتھ انڈر 13 کرکٹ میں کھیلنے کے دور کا بھی ذکر کیا ہے۔ دونوں نے ڈیسی ویل کی انڈر 13 ٹیم میں ایک ساتھ کرکٹ کھیلی تھی اور بعد ازاں آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
عثمان خواجہ کی کتاب کے انکشافات کے بعد 2018ء کا سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل ایک بار پھر آسٹریلوی کرکٹ میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔




