منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برمنگھم ایئرپورٹ ،بارسلونا جانے والے 90 مسافر غلطی سے برلن جانے والی پرواز میں سوار

مصنف:

برطانیہ کے برمنگھم ایئرپورٹ پر انتظامی غفلت کا حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں بارسلونا جانے والے ایزی جیٹ کے تقریباً 90 مسافر غلطی سے جرمنی کے شہر برلن جانے والی پرواز میں سوار ہوگئے۔


برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یکم نومبر بروز اتوار پیش آیا، جب آخری لمحات میں پرواز کا گیٹ تبدیل کیا گیا۔ بارسلونا جانے کے لیے بکنگ کروانے والے مسافروں نے اپنے بورڈنگ پاس دکھا کر گیٹ سے جہاز میں داخلہ لیا، تاہم وہ غلطی سے برلن جانے والے طیارے میں سوار ہوگئے۔ایک مسافر کو اس وقت شبہ ہوا جب اس نے جہاز میں متعدد افراد کو جرمن زبان بولتے سنا۔ اس نے عملے سے دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ وہ بارسلونا کے بجائے برلن جانے والی پرواز میں بیٹھا ہے اور اس کے ساتھ درجنوں دیگر مسافر بھی غلط طیارے میں سوار ہوچکے ہیں۔


واقعے کے بعد تمام متاثرہ مسافروں کو طیارے سے اتارا گیا اور ٹرمینل کے دوسرے سرے پر واقع گیٹ پر بھیجا گیا، جہاں سے انہوں نے اپنی اصل منزل بارسلونا کے لیے پرواز پکڑی۔ اس دوران درست پرواز تاخیر کا شکار بھی ہوئی۔


ایک متاثرہ مسافر کی والدہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات موجود ہیں تو بورڈنگ پاس اور پرواز کے نمبر کی جانچ میں اتنی بڑی غلطی کیسے ہوئی؟ایزی جیٹ کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گیٹ نمبر کی آخری وقت میں تبدیلی کے بعد برمنگھم سے بارسلونا جانے والے متعدد مسافر غلطی سے برلن جانے والی پرواز میں سوار ہوگئے۔ ایئرلائن نے اپنے گراؤنڈ ہینڈلنگ فراہم کرنے والے ادارے کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ترجمان کے مطابق غلطی کی فوری نشاندہی کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار کر درست پرواز میں منتقل کردیا گیا۔ ایزی جیٹ نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت اور پرواز میں تاخیر پر معذرت بھی کی ہے۔