منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم آج دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے


وزیراعظم شہباز شریف 10 سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے،جہاں وہ موسمیاتی تبدیلی سےمتعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی 31ویں کانفرنس یعنی کوپ 31 کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور 11 نومبر کو خطاب کریں گے۔


دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیں گےکہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرۂ ارض کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے محض وعدوں کے بجائے ٹھوس اقدامات کرے۔


وزیراعظم پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال کو تیزی سے فروغ دینے اور قابلِ تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے,اور  قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور بروقت پیشگی اطلاع کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی عالمی رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔


وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی زور دیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ یہ مالی وسائل قابلِ پیش گوئی، مناسب اور آسان رسائی کے حامل ہونے چاہییں تاکہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔


دورے کے دوران وزیراعظم کوپ 31 کی صدارت کی جانب سے سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے اس کے علاوہ وہ ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے،کوپ 31 کے سربراہی اجلا س میں وزیراعظم کی شرکت پاکستان کی جانب سےعالمی موسمیاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت کا اظہار ہےاس دورے سے پاکستان کو موسمیا تی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔