منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان بار کونسل کی کامران مرتضیٰ کے گھر پر پولیس ریڈ کی مذمت

letter

پاکستان بار کونسل نے کامران مرتضیٰ کے گھر پر پولیس ریڈ کی مذمت کی ہے-


پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری پریس ریلیزمیں پاکستان بار کونسل کے 8 سینئر اراکین نے جمعیۃ علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کے دفاتر اور رہائش گاہ پر 7 نومبر کو مارے گئے غیر قانونی چھاپے، اہل خانہ کی ہراسانی اور توڑ پھوڑ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے-


جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں اراکین عابد شاہد زبیری، سلمان اکرم راجہ، مقصود بٹر، شفقت محمود چوہان، صلاح الدین احمد، منیر احمد کاکڑ، عبدالستار خان، احد قاضی اور قاضی محمد ارشد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر کامران مرتضیٰ کو مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں سیاسی وابستگی، حق کی آواز بلند کرنے اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی سزا دی جا رہی ہے۔


اعلامیے کے مطابق ایف بی آر اور ایف آئی اے کے غیر قانونی نوٹسز اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے جیسے اقدامات سے آئینی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی کوششوں نے بھی عدالتی استقلال کو متاثر کیا ہے۔


سیکرٹری پاکستان بار کونسل نے کہا کہ اورنگزیب خان کاکڑ سمیت دیگر وکلا کے گھروں اور دفاتر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کی ہے،انہوں نے کہا کہ وکلا رہنماؤں کے خلاف ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، وکلا کو سیاسی انتقام اور ہراسانی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوششیں ہو رہی ہیں-


انہوں نے مطالبہ کیا کہ و فاقی حکومت اور حکومت بلوچستان پولیس چھاپوں کا فوری نوٹس لیں، چھاپوں میں ملوث ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کی جائے،وکلا اور بار رہنماؤں کی عزت و خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جائےوکلا کے خلاف ایسے ہتھکنڈے دوبارہ نہیں دہرائے جانے چاہئیں، ذمہ داروں کا احتساب نہ ہوا تو وکلا آئندہ لائحہ عمل طے کریں گے-