منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تیز رفتار ٹیکنالوجی نئے مواقع کے ساتھ خطرات بھی پیدا کر رہی ہے،اسحاق ڈار

ishaq dar

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں،عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشمکش اور تنازعات سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے،تیز رفتار ٹیکنالوجی نئے مواقع کے ساتھ خطرات بھی پیدا کر رہی ہے-


اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس ’مارگلہ ڈائیلاگ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کانفرنس عالمی اور علاقائی چیلنجز پر تبادلہ خیال کا اہم پلیٹ فارم ہے ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی شکل ابھی غیر یقینی ہے اور مما لک کے موجودہ فیصلے مستقبل میں تعاون یا تصادم کی سمت متعین کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ  عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشمکش اور تنازعات سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے جبکہ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کے لیے گنجائش محدود ہو رہی ہے۔ موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لیے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کے باعث اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عملدرآمد تمام ممالک کی سلامتی کو متاثر کرتا ہے۔


اسحاق ڈار نے کہا کہ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے زیادہ جڑ رہے ہیں۔ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر تزویراتی مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، تجارتی اور توانائی بحران عالمی معیشت کو متاثر کرسکتے ہیں تیز رفتار ٹیکنالوجی نئے مواقع کے ساتھ خطرات بھی پیدا کر رہی ہے اور نئی ٹیکنالوجیز تنازعات کی نوعیت تبدیل کر رہی ہیں ان کے استعمال کے قواعد اور جوابدہی سے متعلق اہم سوالات موجود ہیں۔


انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عالمی چیلنجز ایک دوسرے پر اثر انداز ہو رہے ہیں، معاشی بحران خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضا فے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ ایک شعبے کا بحران تیزی سے دوسرے شعبوں کو متاثر کرسکتا ہے،چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پا کستان کے خارجہ تعلقات کا اہم ستون ہے جبکہ امریکا کے ساتھ تعمیری روابط جاری ہیں۔ پاکستان، خلیجی ممالک کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنا رہا ہے، اسی طرح یورپ اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ روابط بھی بڑھائے جا رہے ہیں۔