منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

190 ملین پاؤنڈ کیس: اپیلوں پر حتمی دلائل کا آغاز اب ناگزیر ہو چکا ہے،عدالت کے ریمارکس


اسلام آباد ہائیکورٹ نے سردار لطیف کھوسہ کی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ سے کم از کم ایک گھنٹے کی جیل ملاقات کرانے کا حکم دیا ہے-


منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی-


سماعت کے آغاز پر وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی جانب سے ملاقات کا حکم دیے جانے کے باوجود آج تک ان کی مو کلین سے ملاقات نہیں کرائی گئی، جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت نے ان کی نہیں بلکہ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔


عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ایک دو دن میں ملاقات کروائی جا سکتی ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگر راستے میں کوئی رکاوٹ ہے تو اسے دور کیا جائے۔


بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کی صورت حال میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن ان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں نہیں ہے اور انہوں نے برین ہیمرج کے خطرے سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی خراب ہے، ان کی آنکھ میں انجری بھی نظر آرہی ہے، اور انہیں چھ ماہ پہلے سرجری کے لیے لے جایا گیا تھا جبکہ 15 نومبر کو ان کا دوبارہ آپریشن متوقع ہے، اس لیے جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔ اس لیے انہیں علاج کے لیے ضمانت دی جائے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔


ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے اور بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں 8 نومبر کو بھی میڈیکل بورڈ نے ان کا چیک اپ کیا ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔


بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے 7 ماہ اور بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد ملاقات ہوئی ہے اور اب انہیں اپیل پر دلائل دینے کی باقاعدہ ہدایت مل چکی ہے انہوں نے استدعا کی کہ کیس کے پیپر بکس اور تیاری کے لیے کچھ وقت دیا جائے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جانب سے طویل عرصے سے نیب کو بدنام کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب مزید و قت مانگا جا رہا ہے۔


چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اپیل میں ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم عدالت ملزمان کو تیاری کے لیے مناسب وقت دینے کو تیار ہے عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیے کہ اپیلوں پر حتمی دلائل کا آغاز اب ناگزیر ہو چکا ہے،ایسا تو نہیں ہو سکتا کہ اپیلیں ڈیڑھ سال پینڈنگ پڑی رہیں پھر شکایت آتی ہے کہ کیس سماعت کے لئیے مقرر نہیں ہوتے-211ٍ


واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پائونڈ کیس میں 1 سال سے زائد سزا معطلی کی اپیلیں پینڈنگ رکھی گئیں جو کہ بعد میں غیر موثر ہو گئیں-


عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے کم از کم ایک گھنٹے کی جیل ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات کا بندوبست جلد از جلد کیا جائے تاکہ آئندہ ہفتے سے اپیلوں پر باضابطہ دلائل کا آغاز کیا جا سکے، جبکہ کیس کی مزید کارروائی مقررہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھائی جائے گی۔