اٹلی، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے 7 ہزار سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں

اٹلی، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے 7 ہزار سے زائد اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے اور بعض مقامات پر طلبہ کو اسکولوں سے نکال لیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بدھ کو اٹلی کے 6 ہزار 300 اسکولوں، اسکاٹ لینڈ کے 470 اور شمالی آئرلینڈ کے 300 سے زائد تعلیمی اداروں کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئےاٹلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت متعدد اسکول خالی کرائے گئے اور طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
وزیراعظم جورجیا میلونی نے کہا کہ اب تک کی جانچ میں کسی حقیقی خطرے کے شواہد نہیں ملے ان کے بقول ان دھمکیوں کا مقصد خوف اور بے چینی پھیلانا معلوم ہوتا ہےیہ دھمکیاں بظاہر خوف و ہراس اور تشویش پھیلانے کی کسی دانستہ حکمت عملی سے جڑی معلوم ہوتی ہیں
وزیرِ تعلیم جوسیپے ولڈیتارا نے کہا ہے کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر ایک ’سائبر حملہ ہیں، اور اس میں کوئی حقیقی خطرہ نہیں،ولڈیتارا نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ اٹلی اور یورپ کے دیگر حصوں میں پروازوں، سپر مارکیٹس اور یہاں تک کہ اسپتالوں کو نشانہ بنانے والی دھمکیو ں کے اس حالیہ سلسلے کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی کارفرما ہے-
اطالوی حکام کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں ایک شخص نے خود کو میخائل اینڈروپوف ظاہر کیا تھااسکاٹ لینڈ کے اسکولوں کو بھی اسی نام سے ملتا جلتا پیغام موصول ہوا۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے 700 سے زائد اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان تمام واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے بھی پیغامات کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔ شمالی آئرلینڈ میں تعلیمی حکام نے اسکولوں کو پولیس کی ہدایت کے بغیر بند نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
اسکاٹ لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ کم از کم 470 اسکولوں کو یہ ای میل موصول ہوئی تاہم ان دھمکیوں کو فوری طور پر جانچنے کے بعد جھوٹا قرار دے دیا گیا اور کسی قسم کے خطرے کے شواہد نہیں ملے۔
اسی طرح شمالی آئرلینڈ میں 300 دھمکیاں موصول ہونے کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ جب تک پولیس کی جانب سے کوئی اور ہدایت نہ ملے اسکولوں کو کھلا رکھا جائے۔
حکام سائبر جرائم کے ماہرین کی مدد سے ای میلز بھیجنے والوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ای میل کے ذریعے ملنے والی دھمکیوں کے بعد خطے کے کئی اسکول بند کر دیے گئے تھے جبکہ پچھلے دنوں بم رکھے جانے کی خبروں پر یورپ میں درجنوں ہوائی جہازوں کو قریبی ائیرپورٹس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی تاہم بم کی تمام اطلاعات جھوٹی ثابت ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں





