Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز سیل ہوں گے،ایف بی آر

fgr
مصنف:

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت متعلقہ کاروباری مراکز میں پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا اور اسے ایف بی آر کے نظام سے منسلک کرنا لازم ہوگا۔


نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار کارروائی کی زد میں آئیں گے۔ کاروباری مقام کو سیل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد بھی حاصل کی جا سکے گی، جبکہ ایف بی آر نے کاروباری مقام سیل کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کردیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو پیش کرے گا، جس کی بنیاد پر کمشنر انکوائری کرے گا۔ انکوائری کے بعد رپورٹ چیف کمشنر کو بھیجی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے تحت چیف کمشنر کاروباری مقام کو سیل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گا۔ کاروباری مقام کا مکمل حصہ یا صرف مخصوص حصہ بھی سیل کیا جا سکے گا۔ کاروبار سیل کرنے سے قبل متعلقہ کاروباری شخص کو حکم کی نقل فراہم کرنا بھی لازم ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک متعلقہ مانیٹرنگ سسٹم ایف بی آر کے نظام سے منسلک نہیں ہوجاتا۔ سیل شدہ کاروبار دوبارہ کھلوانے کے لیے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا۔


نوٹیفکیشن کے مطابق سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی۔ سسٹم کامیابی سے نصب اور منسلک ہونے کے بعد کمشنر ان لینڈ ریونیو تین دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو کیے جا سکتے ہیں